میرٹھ 31؍ جولائی:شعبۂ اردو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کے پریم سیمینار ہال میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس کی صدارت صدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری صاحب نے فرمائی۔ پروفیسر اسلم جمشید پوری نے پریس کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ شعبہء اردو آنے والی مورخہ 07؍تا10 ؍اگست 2020ء میں ایک چہار روزہ بین الاقومی نوجوان اسکالر ز ویبنار کا انعقاد کر رہا ہے۔جس کا عنوان ’’اکیسویں صدی میں اردو تحقیق و تنقید : سمت و رفتار‘‘ ہے۔ اس ویبنار میں ایم ۔اے ، ایم فل، پی ایچ ڈی، کے طالب علم اپنے اپنے تحقیقی مقالات پیش کریں گے۔ اس ویبنار میں ملک ہندوستان سے باہر کے ملکوں میں مصر ، ماریشش، بنگلہ دیش، ترکی، جرمنی، ڈنمارک وغیرہ جامعات کے اسکالرس حصّہ لیں گے۔ اس ویبنارکا خاص مقصداردوزبان کی ترقی اور ادب کی ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ نوجوان قلم کاروں کی تخلیقات کو پرکھنا ان کے کاموں کو عوام سے روبروں کرانا اور طلباء و طلبات کو بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرانا ہے۔
شعبۂ اردو کا یہ چہار روزہ بین الاقوامی ویبنار اردو انجمن برلن، جرمنی یوروپین لٹریری سرکل ڈنمارک ، الہ آبادیونیورسٹی، پریاگ راج کے باہمی اشتراک سے عمل میں آرہا ہے۔ اس چہار روزہ ویبنار میں بیرونی ممالک ، مصر ، ماریشش، بنگلہ دیش ، ترقی، جرمنی، ڈنمارک ، تہران ، تاشقند ، جاپان وغیرہ کے ریسرچ اسکالر اور محققین و ناقدین حصّہ لیں گے۔ جبکہ ہندوستانی جامعات میں ،جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ، الہ آباد یونیورسٹی، جموں یونیورسٹی، ممبئی یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، کشمیر یونیورسٹی ، پٹنہ یونیورسٹی ،رانچی یونیورسٹی، راجستھان یونیورسٹی ، بنارس ہندو یونیورسٹی، شنکرآچاریہ یونیورسٹی، مراٹھواڑا یونیورسٹی، گوتم بدھ یونیورسٹی، خواجہ معین الدین یونیورسٹی لکھنؤ، عالیہ یونیورسٹی کلکتہ ،حیدرآباد سینٹرل یونیورسٹی،مدراس یونیورسٹی، چینئی تلنگانہ یونیورسٹی، وغیرہ کے ریسرچ اسکالرس حصّہ لیں گے۔ ان تکنیکی اردو سیشن کے علاوہ ایک عالمی مشاعرہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جن میں محترم عارف نقوی (جرمنی) محترمہ مایا حیدر (جرمنی) مقصود انور مقصود(قطر) محترمہ صدف مرزا(ڈنمارک ) کے علاوہ ہندوستان کے معروف نوجوان شعراء حصّہ لیں گے۔ اردو تکنیکی اجلاس اور مشاعرہ کے علاوہ دو افسانوی محفل بھی سجائی جائیں گی۔جس میں ہندوستان اور ہندوستان سے باہر کے نوجوان افسانہ نگار اپنی اپنی کہانیاں پیش کریں گے۔ بین الاقوامی ویبنار کے آخری دن ایک بزم موسیقی کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جس میں شعبہء اردو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ طلباء و طالبات کے علاوہ، معروف نوجوان سنگر محترم محمد سلطان (میرٹھ) اپنا کلام پیش کریں۔
آخر میں صدر شعبۂ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری کی صدارت میں ویبنار کا اختتامی اجلاس عمل میں آئے گا جس میں بطور مہمانان خصوصی پروفیسر وائی وملا (پرووائس چانسلر چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ) اور پروفیسر ارتضیٰ کریم (ڈین فیکلٹی آف آرٹس، دہلی یونیورسٹی، دہلی )شریک ہونگے۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر آصف علی ،ڈاکٹر شاداب علیم، ڈاکٹر ارشاد سیانوی ، فیضان انصاری اور محمد شمشاد وغیرہ شریک رہے۔
Tag: