نئی دہلی:نیوز برانڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (این بی اے) نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ دو ملیالم نیوز چینلز کوبین کرنے کا فیصلہ وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر کی معلومات کے بغیر لیا گیا۔ادارے نے اس پورے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔این بی اے کے صدر رجت شرما نے ایک بیان میں کیرالہ کے دو چینلز ’ایشیانیٹ نیوز‘ اور’میڈیا ون نیوز‘ پر 48 گھنٹے کی روک لگانے کے اطلاعات و نشریات کی وزارت کے فیصلے کی مذمت کی۔شرما نے کہا کہ این بی اے اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اظہار کئے گئے خدشات کی تعریف کرتا ہے جس کے بعد دونوں چینلوں پر سے روک کو واپس لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ این بی اے مطالبہ کرتا ہے کہ وزیر اس بات کی جانچ کروائیں کہ ان کی منظوری کے بغیر نیوز چینلز نشر یات روکنے کا حکم کس طرح جاری کیا گیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ این بی اے چاہتا ہے کہ جانچ رپورٹ اس کے ساتھ شیئر کی جائے۔این بی اے کے سربراہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج اے کے سیکری ہیں۔شمال مشرقی دہلی میں گزشتہ ماہ ہوئے فرقہ وارانہ تشدد کی کوریج کے دوران ایک کمیونٹی کی حمایت اور پولیس کو لے کر تنقیدی رویہ اختیار کرنے کے الزام میں دو اہم ملیالم چینلز پر 48 گھنٹے کی پابندی لگا دی گئی تھی جس کے نافذ ہونے کے کچھ گھنٹے بعد ہی مرکزی حکومت نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔جاوڑیکر نے ہفتے کو کہا تھا کہ مودی نے پورے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت میڈیا کی آزادی کی حمایت کرتی ہے۔
Tag: