اردو بازار فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر زمرد مغل کے مطابق کتاب اِس سال دسمبر میں قارئین کے ہاتھوں میں ہوگی
نئی دہلی: urdubazaar.in کی کامیابی کے بعد اردو بازار فاؤنڈیشن اب ایک قدم آگے بڑھ کر اردو اشاعت کا سفر شروع کر رہا ہے اور اردو بازار بکس کے نام سے طباعتی ادارہ قائم کیا گیا ہے جو منتخب ادیبوں کی کتابیں اردو اور ہندی میں بہ یک وقت شائع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔یہ اطلاع فاؤنڈیشن کے سربراہ زمرد مغل نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اور وصی حیدر نے اس پبلی کیشن کو اس لیے شروع کیا ہے تاکہ اردو کتابوں کو ہندی اور ہندی کتابوں کو اردو قارئین تک پہنچایا جائے۔ ہم کتاب اور قاری کے درمیان ایک پل کا کام کرنا چاہتے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری اس کوشش کو زبان و ادب کے محبین پسند فرمائیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ اردوبازار بکس کی پہلی اشاعت کے طورپر ہمارے عہد کے اہم فکشن نگار رحمن عباس کا ناول ’زندیق ۲۰۸۴‘ امسال دسمبر میں شائع کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ جرمنی کے اہم ادارے روبرٹ باش فاونڈیشن نے عالمی سطح پر جن سات کتابوں کو گرانٹ کے لیے منتخب کیا تھا ان میں رحمن عباس کا مذکورہ ناول بھی شامل ہے۔ اس ناول میں نازی ازم، ہٹلر کے عروج اور جرمنی میں ہوئے یہودیوں کے قتلِ عام کے پس منظر میں ہندوستان اور پاکستان کی اقلیتوں کو در پیش خطرات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ دوسری طرف یہ ناول انسانی جبلت کے گہرے راز دریافت کرنے کی کوشش بھی ہے جس کے لیے ہندوستانی اور دنیا کی دیگر تہذیبوں کی اساطیر سے بھی استفادہ کیا گیا ہے۔
رحمن عباس نے اس موقعے پر کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ اردو بازار بکس ایک نئے عزم کے ساتھ اردو پبلیشنگ انڈسٹری میں اترا ہے، مجھے امید ہے کہ یہ ادارہ اشاعت کی اخلاقیات کو بروئے کار لاتے ہوئے کتابوں اور قارئین کے درمیان کی دوری کم کرنے پر توجہ دے گا اور اس ادارے سے شائع ہوکر یہ ناول اردو معاشرے میں دور تک رسائی حاصل کرے گا ،قارئین اسے اپنی محبتوں سے نوازیں گے۔