لکھنؤ:سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لئے بنائے گئے پی ایم کیئرز فنڈ کو عوام کیئرز فنڈ میں تبدیل کیا جائے۔ بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں انہوںنے کہاکہ کیا بی جے پی جو انتخابی ریلی کے لئے لاکھوںایل ای ڈی ٹی وی پر اربوں روپئے خرچ کرتی ہے اس کے پاس اساتذہ اور طالب علموں کی آن لائن تعلیم کاانتظام کرنے کے لئے فنڈ نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ایمانداری کے ساتھ پی ایم کیئرس فنڈ کو عوام کیئرس فنڈ بنائے اور ملک کے مستقبل کی فکر کرے ۔ اکھلیش نے ٹویٹ کے ساتھ اپنی حکومت کے دور میں طلباء میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ ایس پی صدر نے کورونا انفیکشن کی موجودہ صورتحال کے درمیان اسکول کھولنے کی بھی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران میں تدریسی سیشن کو مستقل رکھنے کے لئے اسکولوں کا کھولنا کوئی محفوظ متبادل نہیں ہے۔ حکومت غریب خاندانوں میں فی طالب علم ایک سمارٹ فون، انٹرنیٹ نیٹ ورک اور بجلی فراہم کرے۔ نیز اساتذہ کو گھر پر ڈیجیٹل تعلیم کے لئے مفت ہارڈ ویئر دیں۔
Tag: