معاون مدرس مدرسہ اسلامیہ تریاواں سہرسہ
وزیر اعلیٰ بہار عزت مآب جناب نتیش کمار نے جہاں سڑک و صحت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، وہیں تعلیم کے سدھار کی طرف بھی خصوصی توجہ دی ہے ، خاص طور پر مدرسہ بورڈ سے ملحق مدارس اسلامیہ کی تعلیم کی طرف جس کے نتیجے میں بورڈ کا نظام بھی چست درست ہو ا اور مدارس کا نظام تعلیم بھی بہتر ہوا ، بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ، اپنی سرگرمیوں ، کار کردگیوں اور حصولیابیوں کی وجہ سے اپنی ایک خاص پہچان بنا چکا ہے ، انتظام و انصرام کی درستگی اور معیار تعلیم کے لحاظ سے بورڈ رول موڈل کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے عزم و حوصلے کے ساتھ قوم و ملت کے نونہالوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی مخلصانہ اور ایماندارانہ کوششوں نے ادارے کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے ، ڈیڑ ھ سال کی کار کردگی کی بنیاد پر کھویا ہوا وقار واپس ہوا ، اور قوم و ملت کا اعتماد بحال ہوا جو اپنے آپ میں ایک قابل فخر بات ہے ۔ بورڈ کی اس تاریخی کامیابی کا سہرہ موجودہ فعال اور متحرک چیئر مین عبد القیوم انصاری صاحب کے سر ہے کہ انہوں نے بہت تھوڑے عرصے میں بورڈ سے ملحق تمام مدارس ، جملہ اساتذہ ، زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے حق میں ٹھوس اور مضبوط قدم اٹھائے ہیں ۔
جناب عبد القیوم انصاری صاحب کو جب سے چیئر مین بنایا گیا مثبت سوچ اور تعمیری جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہے ، محنتی اور مخلص لوگوں کو ٹیم میں شامل کیا ، خود مسلمانوں سے بورڈ کو جو نقصان پہنچ رہا تھا انہیں باہر کا راستہ دکھایا ، محترم چیئر مین صاحب نے قومی مفاد اور اپنے اصول سے کسی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ، بورڈ کو ہر جہت سے مضبوط و منظم کرنے کا بیڑا اٹھایا ، جدید ٹیکنا لوجی سے آراستہ کیا ، ترقیاتی منصوبے بنائے ، برسوں سے پڑے ہوئے کاموں کو نمٹایا ، بورڈ کی یہ حصولیابیاں ممکن نہیں ہوتیں اگر بہار کے موجودہ معزز وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور وزیر تعلیم کرشن نندن پرساد ورما کی توجہ خاص اور تعاون ساتھ نہیں ہوتا ، مدرسہ بورڈ کی نمایاں کامیابی میں بورڈ کے سکریٹری جناب محمد سعید انصاری صاحب کی فکر مندی اور محنت کے ساتھ ساتھ مخلص کار کنان کی کد و کاوش اور جہد مسلسل کا اہم رول ہے ، موجودہ چیئر مین صاحب نے مدرسہ بورڈ کو بد عنوانی سے پاک کیا ، امتحانات میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی ہوتی تھی اس کے طریقہ کار کو چست و درست کرنے کی کوشش کی ، وقت پر امتحانات منعقد کرائے گئے ، اساتذہ کی شرح تنخواہ بہت کم تھی اور وہ بھی وقت پر نہیں ملتی تھی ، اساتذہ و ملازمین کی شرح تنخواہ میں اضافہ ہوا اور وقت پر تنخواہ ملنے لگی ، بورڈ کی کار کردگی کو بہتر بنانے کے لئے علاقائی دفتر پورنیہ کا قیام عمل میں آیا اور اس کے لئے 1 کڑوڑ80 لاکھ رپئے مختص کئے گئے ، جس سے علاقائی لوگوں کو بہت سہولت میسر ہوئی ، وسطانیہ ، فوقانیہ اور مولوی کے لئے آن لائن فارم بھر نے کا سلسلہ شروع ہوا ، آن لائن ایڈمٹ کارڈ دیا جانے لگا ساتھ ہی ان درجوں کے امتحانات کے رزلٹ مدرسہ بورڈ کے ویب سائٹ پر شائع کیا جانے لگا ، آن لائن مارک شیٹ بھی جاری کیا جانے لگا ، جس سے طلبہ و طالبات کو راحت ہوئی اور بہت سی پریشانیوں سے چھٹکارا ملا ۔
واضح ہو کہ درجہ وسطانیہ ، فوقانیہ اور مولوی امتحانات سال 2020 ء وقت پر ہونے اور 14 مارچ کو رزلٹ جاری کرنے میں محترم چیئر مین کی کاوشوں اور کنٹرولر آف اکزامنیشن جناب محمد اعجاز احمد کی دلچسپی اور کارکنان کی لگن شامل ہے ، جیسا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ کر اس سال تمام بورڈ اور یونیور سیٹی کے امتحانات اور رزلٹ میں تاخیر ہوئی ہے ۔ درجہ فوقانیہ میں اول پوزیشن لانے والے طلبہ و طالبات کو 10000/- اور درجہ مولوی میں اول پوزیشن لانے والی طالبات کو 15000/- حوصلہ افزائی رقم دیا جاتا ہے ۔جس کی ادائیگی دفتر محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے ذریعہ ہوتی ہے ۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے مدرسہ بورڈ کی جانب سے اساتذہ کو ٹریننگ دی گئی ، قوم کے نونہالوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے تعلیم نو بالغان کا کورس شروع کیا گیا ، ماہرین تعلیم کی نگرانی میں بورڈ کا جدید نصاب تیار کیا گیا ۔محترم جناب چیئر مین صاحب کا خوش آئند قدم یہ بھی ہے کہ مدرسہ بورڈ کے نصاب کی کتابیں جو دینی و عصری تعلیم دونوں کا سنگم ہیں ، بورڈ کے تمام ملحقہ مدارس تک پہنچائی جا رہی ہیں جو بورڈ کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے ، بورڈ کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ نمایاں کام انجام دیا جا رہا ہے ۔بہار کے 1128 مدارس میں کمپیوٹر فراہم کرانے کے تعلق سے کمپیوٹر دفتر مدرسہ بورڈ میں آچکا ہے۔جس کی تقسیم کا سلسلہ گزشتہ 23/09/2020 سے شروع ہو چکا ہے ۔ جلد از جلد 1127 زمرے کے سبھی مدارس کو کمپیوٹر فراہم کرایاجائے گا۔ کرونا مہاماری میں طلبہ و طالبات کا تعلیمی نقصان نہ ہو اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے آن لائن کلاسیز شروع کئے گئے ، جس سے کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات مستفید ہو رہے ہیں ۔ آفات و ناگہانی مصائب سے کس طرح نمٹا جائے اور اس مصیبت کی گھڑی میں لوگوں کی کس طرح مدد کی جائے اس مقصد کے تحت پانچ ہزار اساتذہ کو ٹریننگ دی گئی طلبہ و طالبات کے لئے ڈریس کوڈ نافذ کیا گیا تاکہ تعلیم کے ساتھ شعوری طور پر اپنے تہذیبی قدروں سے رشتہ برقرار رہے ، فضا کو آلودگی سے بچانے اور آب و ہوا کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے مدارس میں شجر کاری کی جارہی ہے ۔
بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجو کیشن بورڈ کو مزید ترقی دینے کے لئے بہت سے نئے منصوبے بنائے گئے اور وعدے کئے گئے ہیں بلکہ چند دنوں پہلے کچھ منصوبوں کا معزز وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا ہے ، جس سے یہ امید ہوتی ہے کہ ان منصوبوں پر عملی اقدام کا ارادہ ہے ، خدا کرے کہ ان منصوبوں کو پوری نیک نیتی کے ساتھ زمین پر اتارا جائے تاکہ بورڈ کی کار کر دگیوں اور حصولیابیوں کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا چلا جائے ۔
Tag: