نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار منگل کو غیر کانگریسی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کی میزبانی کریں گے۔ شردپوار نے اپوزیشن جماعتوں کی اس میٹنگ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے خلاف متحد ہونے کے امکان کو تلاش کرنے کے لیے بلایاہے۔ کانگریس کومیٹنگ میں مدعو نہیں کیاگیاہے۔ ترنمول کانگریس کے رہنما یشونت سنہاراشٹرا منچ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ کچھ غیر کانگریس اپوزیشن جماعتوں کے رہنما کل شام چاربجے شرد پوار سے ملاقات کریں گے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو کو بھی مدعو کیا گیا ہے لیکن پارٹی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا کل کل دہلی میں نہیں ہیں۔ اس میٹنگ کی تفصیلات اتوار کے روز انتخابی حکمت عملی نگار پرشانت کشور کے شرد پوار سے ملاقات کے بعد سامنے آئیں۔ پرشانت کشور نے پچھلے دو ہفتوں میں دوسری بار شرد پوار سے ملاقات کے بعد نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی بات چیت نے دو سال بعد ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر زور پکڑ لیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ شرد پوار اور پرشانت کشور کے درمیان ملاقات دہلی میں ہوئی ۔ اس سے قبل گیارہ جون کو دونوں ممبئی میں این سی پی کے سربراہ کی رہائش گاہ پر ملے تھے۔ اتوار کی میٹنگ تقریباََآدھے گھنٹے تک جاری رہی ۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی کے بغیر تیسرے محاذ اور وزیر اعظم مودی کو چیلنج کرنے کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ وزیر اعظم کے امیدوار پر تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔ بہت سی جماعتوں نے ایسے گروپ میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔