پٹنہ:(محمد اسعد اللہ قاسمی)اردو کارواں کے ذمہ داران و مقامی ارکان کی میٹینگ اردو کارواں کے دفتر امارت شرعیہ کمپلیکس پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ہوئی،جس میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی ،قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی قاسمی ،اردو کارواں کے صدر ڈاکٹر اعجاز علی ارشد ،نائب صدور مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی ،جناب مشتاق احمد نوری ،ڈاکٹر صفدر امام قادری ،سکریٹری جناب انوارالہدیٰ اور مقامی ارکان مولانا مفتی محمد سہراب ندوی ،مولانا سہیل اختر قاسمی اور مولانا شمیم اکرم رحمانی نے شرکت فرمائی،اردو سے متعلق مختلف مسائل زیر بحث آئے اور وزیر تعلیم کو دیئے جانے والے میمو رنڈم کو آخری شکل دی گئی ،طے کیا گیا کہ اردو کارواں کے ریاستی ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ ۸؍اگست کو امارت شرعیہ میں بلائی جائے،اس کے قبل ارکان سے درخواست کی جائے کہ وہ اردو دستہ کے لئے ہرضلع سے متحرک اور فعال جوانوں کے کم از کم ایسے دس نام ،پتے ،موبائل نمبر ،ای میل وغیرہ فراہم کرائیں،یہ معلومات ۲۵؍جولائی تک اردو کارواں کو موصول کرا دیا جائے تاکہ ۸؍اگست کی میٹنگ میں اردو دستہ کو آخری شکل دی جاسکے،ریاستی اردو کارواں کے ارکان کے نام خط وغیرہ بھیجنے اور رابطہ کرنے کی ذمہ داری جناب انوارالہدیٰ صاحب سکریٹری اردو کارواں کے حوالہ کی گئی ہے۔
اس موقع سے نائب امیر شریعت مولانا محمد شمشاد رحمانی مدظلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حضرت امیر شریعت رحمۃ اللہ علیہ کے وقت میں جس طرح امارت شرعیہ کے مختلف شعبے کام کر رہے تھے اسی طرح ان شاء اللہ کام جاری رہے گا ،حضرت صاحب کی دعائیں ہم لوگوں کے ساتھ ہیں،ہمیں ہر حال میں اردو کارواں کی اس تحریک سے مختلف صلاحیتوں کے افراد کو جوڑنا ہوگا ،مجلس کے شرکا نے اردو کے حوالہ سے انتہائی مفید ،کارآمداور عملی مشورے دیئے،ان مشوروں کی روشنی میں اردوکارواں متحرک فعال انداز میں آگے بڑھتا رہے گا،حضرت نائب امیر شریعت کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔