قومی اردو کونسل کے لا پینل کی آن لائن میٹنگ،قانون کے طلبہ کو اردو زبان میں ریفریشر کورس کروانے کا منصوبہ
نئی دہلی:(پریس ریلیز)قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے لا پینل کی آن لائن میٹنگ کا انعقادعمل میں آیاجس کی صدارت پینل کی چیئر پرسن پروفیسر نزہت پروین خان نے کی۔اس موقعے پر شرکا کا استقبال کرتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ ہندوستان کے قانونی نظام میں اردو زبان کو مرکزیت حاصل رہی ہے اور اس میں سیکڑوں اردو الفاظ و اصطلاحات استعمال کی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے قومی اردو کونسل نے یہ طے کیا ہے کہ عدالتی و قانونی شعبے سے وابستہ افراد اور طلبہ کو اس حدتک اردو سکھانے کا اہتمام کیا جائے کہ وہ ان الفاظ کے معنی بخوبی سمجھ سکیں جو عدالتی کارروائیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر عقیل نے کہا کہ اردو والوں کے لیے بھی ملکی دستور کے نکات اور عدالتی نظام میں مستعمل اصطلاحات کی جانکاری ضروری ہے اوراسی ضرورت کی تکمیل کے لیے کونسل کے لاء پینل کے ذریعے مسلسل غورو خوض کے بعد قانون سے متعلق مختلف پہلووں پر کتابیں شائع کی جاتی ہیں۔ہمارا عزم ہے کہ اردو والوں کو ہندوستانی قانون میں ہونے والی تمام تر ترمیمات اور نئے بننے والے قوانین سے باخبر رکھیں تاکہ وہ اپنے حقوق و فرائـض کی کامل آگاہی کے ساتھ اپنی شہری ذمے داریاں ادا کرسکیں۔
اس میٹنگ کے دوران پچھلی میٹنگ کی تجاویز کی منظوری کے ساتھ مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عدالتی و پولیس سسٹم میں استعمال ہونے والے اردو الفاظ کے معانی کی تفہیم کے لیے لاء کالجز اور عدلیہ سے وابستہ افراد اور طلبہ کے لیے ریفریشر کورس کے منصوبے کو جلد ازجلد عملی جامہ پہنانے پر زور دیا گیا اور یہ طے ہوا کہ اس سلسلے میں تمام لاء کالجز کے ساتھ چیف جسٹس آف انڈیا اور تمام ریاستوں کے ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اور ڈائریکٹر نیشنل جیوڈیشل اکیڈمی کو بھی خط بھیجا جائے اور ان کے جواب کے مطابق اگلا قدم اٹھایا جائے۔اس موقعے پرخواجہ عبدالمنتقم نے مدارس اور اسکول کے طلبہ کوبنیادی قانونی اصطلاحات سے آگاہ کرنے ،نیز ہندوستان میں صارفیت کے قانون اور موجودہ حکومت کے ذریعے صارفین کے لیے بنائے گئے قانون کی تشریح و توضیح پر مشتمل کتابوں کی ترتیب کا خاکہ پیش کیا،اس کے علاوہ دیگر متعدد پروجیکٹس بھی زیرِ بحث آئے اور یہ طے کیاگیا کہ ان کی اہمیت و افادیت کے مطابق کونسل کی جانب سے ان کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا۔ساتھ ہی قانون سے متعلق پہلے سے زیر ترتیب مسودوں کی جلد ازجلد تکمیل پربھی زور دیا گیا۔
میٹنگ میں جن حضرات نے شرکت کی ان میںڈاکٹر شکیل معین، ڈاکٹر ظفر محفوظ نعمانی، جناب مصطفیٰ خان ایڈووکیٹ، جناب ایس اقبال احمد، جناب محمد شہنشاہ خان، محترمہ ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمک)، ڈاکٹر فیروز عالم (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر) اور محترمہ ذیشان فاطمہ خاص طورپر قابل ذکر ہیں۔