نئی دہلی: معروف عالم دین اور سیکڑوں کتابوں کے مصنف مولانا وحیدالدین خان کو اس سال کے پدم وبھوشن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہےـ پدم وبھوشن ایوارڈ بھارت رتن کے بعد دوسرا بڑا شہری اعزاز ہے جو فن، تعلیم، ادب، سائنس وغیرہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ہندوستانی حکومت کی جانب سے دیا جاتا ہےـ
مولانا وحید الدین خان کا شمار ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے باب میں اہم علمی کام کیا ہےـ تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے نمایاں کارنامے ہیں ـ ان کی بات میں زور، اثر اور کشش ہےـ اصلاح ذات اور فکر آخرت کے حوالے سے انھوں نے جدید اسلوب میں اپنی نوعیت کا اہم لٹریچر تیار کیا ہےـ ان کی سادہ و سہل الفہم تحریروں میں مکالمہ بین المذاہب اور امن کا بہت ذکر ملتا ہے اور اس میں وعظ و تذکیر کا پہلو بھی نمایاں طور پر موجود ہوتا ہےـ ان کی فکر میں خدا پرستی کی بنیاد پر تذکیر و نصیحت، صبر، تحمل و بردباری اور اخلاقی قدروں پر سب سے زیادہ زور ہوتاہےـ