Home متفرقاتمراسلہ تفہیم القرآن کا گجراتی زبان میں ترجمہ مکمل-ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

تفہیم القرآن کا گجراتی زبان میں ترجمہ مکمل-ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

by قندیل

میرے دورۂ گجرات کے دوران میں آج (28 جنوری 2022) جناب عبد الرزاق سکریٹری اسلامی ساہتیہ پرکاشن (گجراتی زبان میں دینی کتابیں شائع کرنے والا ادارہ) نے یہ خوش خبری دی کہ آج گجراتی زبان میں تفہیم القرآن کی آخری (چھٹی) جلد کے ترجمہ کی کمپوزنگ اور تصحیح کا کام مکمل ہوگیا ہے اور اسے پریس کے حوالے کیا جا رہا ہے _ فالحمد للہ علی ذلک ۔

گزشتہ صدی کی آٹھویں دہائی میں مولانا سید ابو الاعلی مودودی رحمہ اللہ کے ترجمۂ قرآن و مختصر حواشی کے گجراتی ترجمہ کا کام جناب ظہیر الدین شیخ نے انجام دیا تھا ۔ اس کے لیے جناب شمس پیرزادہ (مؤلف دعوۃ القرآن) ہر ماہ تین چار روز کے لیے مہاراشٹر سے گجرات تشریف لاتے تھے ۔ چھ افراد کی ٹیم (جس میں پیر زادہ صاحب بھی شامل تھے) ظہیر الدین شیخ صاحب کے ترجمے پر نظر ثانی کرتی تھی _ اس ترجمۂ قرآن کے اب تک 13 ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔

ترجمۂ قرآن کے بعد مولانا مودودی کی تفسیر تفہیم القرآن کا ترجمہ گزشتہ 4 برس قبل شروع ہوا ۔ یہ کام بھی جناب ظہیر الدین شیخ نے انجام دیا۔ جناب جمال پٹّی والا اور جناب امین سیٹھ نے اس پر نظر ثانی کی ۔ ابتدائی 3 جلدوں کی اشاعت کے جملہ مصارف جناب اقبال ورق والا نے برداشت کیے اور اپنے ذاتی ادارے سے ان کی طباعت کی، پھر طے پایا کہ آگے کی جلدیں اسلامی ساہتیہ پرکاشن سے طبع ہوں اور سابق اسٹاک کی مارکیٹنگ بھی پرکاشن کے ذریعے ہو ۔ جناب اقبال ورق والا اس کے لیے بہ خوشی تیار ہوگئے۔

جماعت اسلامی ہند کی کوششوں سے مولانا مودودی کے ترجمۂ قرآن ، تفسیر تفہیم القرآن اور دیگر کتب کا ہندوستان کی بہت سی مقامی زبانوں میں ترجمہ ہوگیا ہے ۔ اس کے ذریعے تحریکی فکر کو عام کرنے میں بہت مدد ملی ہے۔ اس کام میں جن بزرگوں نے اپنی زندگیاں کھپا دی ہیں اللہ تعالیٰ انہیں بھرپور بدلہ عطا فرمائے۔ جن کا انتقال ہوگیا ہے انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور جناب ظہیر الدین شیخ کا سایہ تادیر قائم رکھے ، آمین یا رب العالمین۔

You may also like

Leave a Comment