تبلیغی جماعت کے غیرملکی ارکان کی درخواست،مرکزاورریاستوں سے جواب طلب

نئی دہلی:جمعہ کے روزوزارت داخلہ (ایم ایچ اے)کے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے34 غیرملکی شہریوں کوبلیک لسٹ کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست پرسپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اس دوران عدالت نے مرکزاورریاستوں کو درخواست کی کاپی دینے کوکہاہے اورمرکزاورریاستوں سے رائے طلب کی ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 29 جون کو ہوگی۔ اہم بات یہ ہے کہ وزارت داخلہ کے تبلیغی جماعت سے وابستہ مختلف ممالک کے لوگوں کو بلیک لسٹ کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاگیاہے۔سات ممالک کے شہریوں نے وزارت داخلہ کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔ درخواست میں کہاگیاہے کہ مرکزی حکومت کا یہ فیصلہ غیرآئینی ہے کیوں کہ نہ تو انہیں نوٹس دیا گیا تھا اور نہ ہی ان کی طرف سے بلیک لسٹنگ سے قبل ان کاموقف سناگیاتھا۔