Home اسپورٹس ’سوئنگ کے کنگ‘ عرفان پٹھان نے لیا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

’سوئنگ کے کنگ‘ عرفان پٹھان نے لیا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

by قندیل

نئی دہلی:
ہندوستانی کرکٹر میں ’سوئنگ کے کنگ‘ کہے جانے والے عرفان پٹھان نے ہفتہ کو کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں تمام طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں۔یہ میرے لئے جذباتی لمحے ہیں، لیکن یہ ایسا لمحہ ہے جو ہر کھلاڑی کی زندگی میں آتا ہے۔چھوٹی جگہ سے ہوں اور مجھے سچن تندولکر اور سورو گنگولی جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا، جس کی ہر کسی کو تمنا ہوتی ہے۔اس دوران انہوں نے اپنے تمام ٹیم کے ارکان، کوچز، سپرٹ عملے اور فینس کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ میں ان تمام ساتھیوں، کوچز اور سپرٹ عملے کا شکریہ کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے میری ہمیشہ حمایت کی۔اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے عرفان پٹھان جذباتی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ زندگی کا سب سے خاص لمحہ جب ہندوستانی ٹیم کی کیپ ملی، میں کیا کوئی بھی کرکٹر اس لمحے کو نہیں بھول سکتا، جب وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتا ہے۔پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں ہیٹرک لینے والا یہ کھلاڑی ایک وقت مایہ نازبلے بازوں کے لئے خوف پیدا کرتا تھا۔گیند کو دونوں جانب سوئنگ کرنا عرفان کا سب سے بڑا ہتھیار رہا۔2011-12 کے دوران وہ خراب فارم سے جوجھ رہے تھے اور ٹیم انڈیا سے باہر ہو گئے۔انہوں نے اپنا آخری انٹرنیشنل کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے خلاف 2 اکتوبر، 2012 کو کھیلا تھا، جو ٹی -20 تھا۔اس کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی نہیں کر پائے۔ پٹھان نے پچھلا رنجی ٹرافی جموں و کشمیر کے لئے کھیلا۔وہ اس ٹیم کے کوچ بھی تھے۔ان کا آخری ڈومیسٹک میچ (سید مشتاق علی ٹی -20 ٹروفی) کیرل کے خلاف رہا، جو انہوں نے 27 فروری 2019 کو کھیلا تھا۔اس میچ میں انہوں نے 10 رنز بنائے تھے اور دو وکٹ لئے تھے۔عرفان پٹھان کے کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے ہندوستان کے لئے 39ٹیسٹ میچ کھیلے۔اس دوران انہوں نے 31.57 کی اوسط سے 1105 رنز بنائے، جس میں 1 سنچری اور 6 نصف سنچری شامل ہیں۔ان کے نام 32.26 کی اوسط سے 100 وکٹ ہیں جبکہ سب سے بہتر بولنگ 59 رنز دے کر 7 وکٹ ہے۔ٹیسٹ میں انہوں نے 2 بار 10 یا اس سے زیادہ وکٹ، 7 بار 5 وکٹ اور 2 بار 4 وکٹ ہیں۔ون ڈے کیریئر میں اس آل راؤنڈر نے 120 میچ میں کھیلے اور 23.39 کی اوسط سے 1544 رنز بنائے۔ان کے نام 5 نصف سنچری بھی ہیں، جبکہ انہوں نے 173 وکٹیں حاصل کیں۔وہیں ٹی 20 فارمیٹ میں عرفان نے ہندوستانی ٹیم کے لئے 24 میچ میں میں 172 رنز بنائے اور 28 وکٹ اپنی جھولی میں ڈالے۔انڈین پریمیئر لیگ میں بھی عرفان پٹھان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔کئی ٹیموں کے لئے کھیلنے والے عرفان پٹھان نے 103 میچ میں 1139 رنز بنائے اور گیند کے ساتھ 33.11 کی اوسط سے 80 وکٹ اپنے نام کئے تھے۔

You may also like

Leave a Comment