سوامی اگنی ویش کی موت:سی بی آئی کے سابق سربراہ ناگیشورا راؤ کے ٹویٹ پرہنگامہ

نئی دہلی:ریٹائرڈ آئی پی ایس آفیسر ایم ناگیشورا راؤ کے سوامی اگنیویش کے بارے میں دئے گئے تبصرے پر تنازعہ کھڑا ہوا ہے۔ لوگ ٹویٹر پر دیئے گئے ان کے تبصرے کو قابل نفرت قرار دے رہے ہیں۔ دراصل رائونے اپنے ٹویٹ میں سوامی اگنیویش کو ہندو مخالف قرار دیا ہے اور اس سے قبل ہی ان کی موت کی خواہش ظاہرکی تھی۔ ان کے ٹویٹ پر لوگوں میں کافی ناراضگی ہے۔ تاہم راؤ کی حمایت میں بھی کچھ لوگ اپنے دلائل بھی دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ آریہ سماج کے فرنٹ لائن رہنما سوامی اگنیویش کا جمعہ کے روز شام 6.30 بجے 81 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ وہ سناتن دھرم پر تبصرے کی وجہ سے تنازعہ میں رہے تھے۔ راؤ نے ٹویٹ کیاکہ بہترین، چھٹکارا مل گیا۔ سوامی اگنیویش آپ زعفرانی لباس میں ہندو مخالف تھے۔ آپ نے ہندو مت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، مجھے شرم ہے کہ آپ تیلگو برہمن کی حیثیت سے پیدا ہوئے ۔ راؤ نے انھیں ہرنوں کی کھال میں چھپا ہوا بھیڑیا بھی بتایا ۔