سپریم کورٹ نے سی بی ایس ای بورڈ سے کہا:کمپارٹمنٹ امتحانات کے نتائج کا اعلان جلد کریں

نئی دہلی:سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے 10 ویں اور بارہویں کلاسوں کے کمپارٹمنٹ کے امتحانات 22 ستمبر سے شروع ہوگئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے سی بی ایس ای بورڈ سے کہا ہے کہ وہ کمپارٹمنٹ کے امتحانات کے نتائج کا جلد سے جلد اعلان کرے اور یو جی سی کے ساتھ ہم آہنگی قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ جو طلبہ کمپارٹمنٹ کا امتحان پاس کرلیں ان کو موجودہ تعلیمی سال میں کالجوں میں داخلہ مل سکے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ یہ عام حالات نہیں ہیں اور ایسی صورتحال میں سی بی ایس ای اور یو جی سی کو طلبہ کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ دو لاکھ طلباء کے کیریئر کا معاملہ ہے اور یہ کوئی کم تعداد نہیں ہے۔ عدالت نے سی بی ایس ای اور یو جی سی دونوں سے کہا ہے کہ وہ آپس میں بات کریں اور 24 ستمبر کو عدالت کو اس بارے میں آگاہ کریں۔ دوسری طرف یو جی سی نے کہا ہے کہ کالجوں میں داخلے کے لئے کٹ آف کا آخری وقت اکتوبر کے آخر تک ہے اور اگر سی بی ایس ای اس تاریخ سے پہلے ہی کمپارٹمنٹ کے امتحان کے نتیجے کا اعلان کردے گا تو طلباء کالجوں میں داخلہ لے سکیں گے۔ سی بی ایس ای کا کہنا ہے کہ نتائج کا اعلان کرنے میں تین سے چار ہفتے لگیں گے۔ آج سے شروع ہونے والے امتحانات میں تقریبا دو لاکھ طلباء شرکت کر رہے ہیں اور یہ امتحانات 29 ستمبر تک چلیں گے۔ کچھ طلباء نے سپریم کورٹ میں کالجوں میں داخلے کی تاریخ میں توسیع کے لئے درخواست بھی دائر کی ہوئی ہے۔