سبرامنیم سوامی کی اپنی ہی سرکار پر تنقید،کہا-مودی حکومت گورننس کے ہر شعبے میں ناکام

نئی دہلی :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے جمعرات کو مودی حکومت کو ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت گورننس کے تقریباً ہر پہلو میں ناکام رہی ہے۔ ان کا یہ بیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی سے ملاقات کے ایک دن بعد آیا ہے۔سوامی نے کہاہے کہ مودی حکومت معیشت اور سرحدی حفاظت کے میدان میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے افغانستان کے بحران پر مرکز کی جانب سے نمٹنے کو فیاسکو قرار دیا۔ انہوں نے پیگاسس ڈیٹا سیکورٹی کی خلاف ورزی کے لئے بھی مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔سوامی نے داخلی سلامتی کے معاملے پر بھی مودی حکومت کو گھیرا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر کشمیر کے حوالے سے غیر جانبدارانہ رویہ اپنانے کا الزام لگایا ہے۔بدھ کو انہوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تعریف کی۔ سوامی نے ان کا موازنہ جے پرکاش نارائن، مورار جی ڈیسائی، راجیو گاندھی، چندر شیکھر اور پی وی نرسمہا راؤ جیسے سیاسی قدآوروں سے کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی سیاست میں یہ ایک نایاب خوبی ہے۔