Home قومی خبریں دربھنگہ کے سی ایم کالج میں’’حسن نعیم اور نئی غزل‘‘ کے موضوع پر خصوصی لکچر

دربھنگہ کے سی ایم کالج میں’’حسن نعیم اور نئی غزل‘‘ کے موضوع پر خصوصی لکچر

by قندیل

دربھنگہ: حسن نعیم نئی غزل میں ایک توانا لب و لہجے کے شاعر تھے۔زندگی اور اس کے مصائب اور آلام سے نبردآزمائی کی طاقت حسن نعیم کی غزلوں کا طرہ امتیاز ہے۔یہ باتیں سنٹرل یونیورسٹی آف سائوتھ بہار ،گیاکے مرکز برائے ہندوستانی زبان میں اردو کے استاد اور معروف ناقد اور شاعر ڈاکٹر کفیل احمد نسیم نے سی ایم کالج دربھنگہ کے شعبہ اردو کی جانب سے منعقدہ ایک آن لائن لکچر میں بطور مہمان مقرر کہیں۔انھوں نے حسن نعیم کے مختصر حالات زندگی بیان کرتے ہوئے ان کی شاعری اور غزلوں کی انفرادیت پر پرمغز گفتگو کی اور کہا کہ 1950 سے1960 کے درمیان نئی غزل کے بانیوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔خلیل الرحمان اعظمی اور ناصر کاظمی جیسی شہرت حسن نعیم کے حصے میں نہیں آئی لیکن حسن نعیم کی غزلوں کا تیور ان شعرا کے مقابلے زیادہ توانا اور دیرپا ثابت ہوتا ہے۔کسی شاعر کی مقبولیت میں بہت سارے عوامل کارفرما ہوتے ہیں جن کی تفصیل بہت طویل ہے لیکن مختصرا یہاں یہ عرض کردوں کہ آج کی تیزرفتار زندگی میںحسن نعیم کی غزلیں دور تک ہمارا ساتھ دیتی ہیں۔فکر کی سبک خرامی،روایات کا پاس و لحاظ،سادگی، تہہ داری، بامعنی بنیاد کے ساتھ ان کی غزلوں میں جو توانا کردار ابھرکر سامنے آتے ہیں وہ صحرا میں بھی پھول کھلانے اور اسے سرسبز وشاداب بنانے کی سکت رکھتے ہیں۔ان کی شاعری شکست سے دوچار نہیں ہونے دیتی اور ہمیں نیا حوصلہ عطا کرتی ہے۔
بقول شاعر:اٹھالو جتنا بھی چاہو کہ دل معطر ہو۔ بہت ہیں پھول مری آرزو کے دامن میں
اس خصوصی لکچر کے آغاز میں سی ایم کالج کے شعبہ اردو میں استاد عبدالحی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ حسن نعیم دبستان عظیم آباد کے جدید شاعروں میں انفرادیت رکھتے ہیں ۔ ان کی شاعری زندگی کے تئیں مثبت پیغام دیتی ہے اور ان کی غزلیں بہار کی مختلف یونیورسٹیوں میں نصاب کا حصہ ہیں اس لیے آج کا یہ لکچر خاص طور سے طلبا کے لیے منعقد کیا گیا ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔
اس خصوصی لکچر میں سی ایم کالج کے ایم اے و بی اے( اردو )کے طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ شعبے سے وابستہ ڈاکٹر نفاست کمالی،ملت کالج کے اساتذہ ڈاکٹر عبدالرافع اور ڈاکٹر شاہنواز عالم ، شعبہ اردو للت نارائن متھلایونیورسٹی کے استادڈاکٹر مطیع الرحمٰن و ڈاکٹر وصی احمد شمشاد، سی ایم بی کالج گھوگھرڈیہا کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالودود قاسمی،معروف شاعر ادیب اور صحافی ڈاکٹر منصور خوشتر،شعبہ اردو،نتیشور کالج مظفرپور کے استاد ڈاکٹر کامران غنی صبا، معروف ادیب و ناقد ڈاکٹر ریحان احمد قادری،بھیونڈی مہاراشٹر سے تشریف لائے معروف محقق ، ناقد اور شاعر جناب خلیق الزماں نصرت و دیگر ادب نواز شائقین بھی اس آن لائن لکچر سے آخر تک جڑے رہے۔لکچر کے بعد طلبا و دیگر سامعین نے سوالات بھی کیے جس کے ڈاکٹر کفیل احمد نسیم نے تشفی بخش جوابات دیے۔ عبدالحی کے اظہار تشکر پر یہ لکچر اختتام کو پہنچا۔

You may also like

Leave a Comment