سورو گنگولی نے گورنر سے ملاقات کی،بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں

کولکاتہ:بی سی سی آئی کے چیئرمین اورسابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ آج بی سی سی آئی کے سربراہ نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکڑ سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے بعد یہ خیال کیا جارہا ہے کہ وہ سیاست میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تاہم ، اسے ذاتی ملاقات سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے گنگولی کے بی جے پی میں شمولیت کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ ادھر گورنر جگدیپ دھنکڑ سے ان کی ملاقات اس کی تصدیق کررہی ہے۔ آج گنگولی نے بھی بنگال میں منصفانہ انتخابات کی حمایت کی۔ جب سے سورو گنگولی بی سی سی آئی کے صدر بنے ہیں تب سے بی جے پی میں ان کے شامل ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ تاہم گنگولی کی طرف سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے۔رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 12 جنوری کو سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کے موقع پر مغربی بنگال کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران بہت سے لوگ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔بتایاجارہا ہے کہ گنگولی بھی اس موقع پربی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔