سونیا اور راہل گاندھی پر نرملا سیتا رمن کا حملہ،سیاست نہیں ذمہ داری سمجھیں

نئی دہلی:تارکین وطن محنت کشوں کے معاملے پر ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور میں سونیا گاندھی سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتی ہوں کہ اس مسئلے پر سیاست نہ کریں۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے راحت پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے پیدل گھر جا رہے تارکین وطن محنت کشوں کے معاملے پر اپوزیشن کو گھیرا ہے۔انہوں نے راہل گاندھی کی اس تصویر پر بھی سوال اٹھائے جس میں وہ سڑک پر بیٹھ کر تارکین وطن محنت کشوں سے بات کر رہے تھے۔نرملا نے کہا کہ راہل نے ایسا کر کے ان مزدوروں کا وقت خراب کیا۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ تارکین وطن محنت کشوں کے معاملے پر ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا،تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،ہاتھ جوڑ کر سونیا گاندھی جی سے کہتی ہوں کہ ہم سے بات کریں اور تارکین وطن محنت کشوں کے تئیں ذمہ داری سمجھیں۔ نرملا سیتا رمن سے تارکین وطن محنت کشوں کے منسلک ایک سوال پوچھا گیا تھا کہ پی ڈی ایس اور منریگا کے تحت جو اعلانات ہوئے ہیں ان کا فائدہ تارکین وطن مزدور اپنے گھر پہنچ کر ہی اٹھا پائیں گے لیکن زیادہ تر لوگ اب راستے میں ہی ہیں،اس پر نرملا جارحانہ ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مزدوروں سے اپیل کی تھی کہ وہ لوگ وہیں رہیں جہاں پر فی الحال ہیں،حکومت ان کے رہنے وکھانے کے انتظام کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا لیکن جب مجبور لوگ گھر جانا ہی چاہتے تھے تو مرکز اور ریلوے نے ٹرین چلانے کا اعلان کیا۔ریلوے نے صاف کہا ہے کہ ٹرینیں تیار ہیں جو ریاست جتنی ٹرین مانگے گی اتنی دی جائے گی۔