سیاسی کشیدگی کے دوران سونیا اور راہل گاندھی کی وطن واپسی

نئی دہلی:ملک میں کسانوں کے بل پرسیاسی ہنگامہ آرائی کے دوران کانگریس کی صدرسونیاگاندھی اورسابق صدر راہل گاندھی بیرون ملک سے دہلی واپس آئے ہیں۔ پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے دونوں لیڈران بیرون ملک چلے گئے تھے۔ یہ دورہ سونیاگاندھی کے سالانہ میڈیکل چیک اپ کے لیے ہوا جس میں راہل گاندھی ان کے ساتھ تھے۔ دونوں لیڈروں نے بیرون ملک جانے سے پہلے کانگریس کے لیڈروں سے ملاقات کی تھی ۔ ساتھ ہی اس کے بارے میں لوک سبھاکو بھی آگاہ کیاتھا۔ اب تقریباََدس دن بعد دونوں لیڈران واپس آئے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ دونوں لیڈران کی واپسی ایسے وقت میں ہورہی ہے جب پچھلے دس دنوں میں بہت کچھ بدلاہے۔ گذشتہ روز آٹھ ممبران پارلیمنٹ کی معطلی کے بعد کانگریس سمیت حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کی تمام کارروائیوں کے بائیکاٹ کااعلان کیاہے۔کانگریس اور دیگر جماعتوں نے مانسون کے پورے اجلاس کے لیے لوک سبھااورراجیہ سبھا کا بائیکاٹ کرنے کی بات کی ہے۔ ایسی صورتحال میں جب راہل اورسونیاگاندھی واپس آئے ہیں توپھراس پر کیا فیصلہ کیا جائے گا ،یہ دیکھنے لائق ہوگا۔