مظفر پور کے بعد دربھنگہ، جالے کے علاقے میں ماحول بگاڑنے کی کوشش،نہتھے مسافروں پر حملہ،متعدد افراد زخمی
ایڈشنل چیف سکریٹری(داخلہ)عامر سبحانی مقامی افسران کے رابطے میں،حالات کو فوری طورپر قابو کرنے کی ہدایت
دربھنگہ:ابھی مظفر پور کے اورائی بلاک کے مصر اولیا گاؤں میں حالات پوری طرح کنٹرول بھی نہیں ہوئے ہیں کہ دربھنگہ ضلع کے جالے علاقے میں واقع پاکٹولہ گاؤں میں مورتی وسرجن کو لے کر ماحول بگاڑنے کی کوشش کی خبریں آرہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ گاؤں میں دو فرقوں کے درمیان زبانی کہا سنی کے ساتھ پتھر بازی بھی ہوئی جس میں کئی لوگوں کو چوٹیں بھی آئی ہیں۔ گاؤں کے ایک باشندے کے مطابق آج مغرب کی نماز کے وقت اچانک شرپسندوں کا ایک جلوس مسجد کے سامنے آکر جذبات کو بر انگیختہ کرنے والے نعرے لگانے لگا، ماحول خراب ہے،کچھ لوگ مسجد میں یا اپنے گھروں میں بند ہیں اور ڈرے سہمے ہوئے ہیں۔
ایک دوسرے واقعے میں آج شام کے چھ بجے جالے تھانہ کے دوگھراگاؤں کے باشندے مولانا ذکی احمدمظاہری،سمیع احمد، مولانا زاہد وصی ندوی اپنی بیوی بچوں کے ساتھ پڑوس کی بستی سے لوٹ رہے تھے کہ مہادیو چوک پر پہلے سے فساد مچا رہے چند دنگائیوں نے ان کی گاڑی جبرا رکوائی اور انہیں بے دردی کے ساتھ زد وکوب کیا ہے۔ سمیع احمد جو کہ ہارٹ کے مریض ہیں، ان کا سر بری طرح زخمی ہوگیا ہے، وہیں مولانا ذکی احمد مظاہری اور دیگر لوگوں کو بھی ہاتھ اور پاؤں میں بہت زیادہ چوٹیں آئی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس پورے واقعے میں پولیس نے اب تک ٹھوس کارروائی نہیں کی ہے۔ بلکہ پولیس کی موجودگی میں شرپسند عناصر نہتھے راہ گیروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انھوں نے مقامی تھانہ کے اعلی افسران اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طورپر حالات کو قابو کیا جائے تاکہ علاقے کا امن و امان بگڑنے سے محفوظ رہے۔ بہار حکومت کے ایڈشنل چیف سکریٹری(داخلہ)عامر سبحانی نے اطلاع ملتے ہی متعلقہ افسران سے بات کرکے حالات کنٹرول کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ وہ مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کشیدگی دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔