شعبۂ عربی دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایک روزہ انٹرنیشنل ویبینا ر کا انعقاد

عربی زبان وادب کے فروغ میں ہندوستانی علما کا کلیدی کردار :عرب اسکالرز 

نئی دہلی (پریس ریلیز)20دسمبر۔ ’ورلڈ عربک ڈے‘ کی مناسبت سے شعبۂ عربی دہلی یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ایک روزہ بین الاقوامی ورچوئل سیمینار میں عربی زبان وادب اور اسلامی علوم وفنون کے حوالے سے ہندوستانی علما کی زریں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عربی زبان وادب کے مشہور معاصرعرب اسکالرز نے کہا کہ ہر دور میں ہنداور عرب ممالک کے درمیان باہمی احترام پر مبنی تعلقات بہت مستحکم اورپائیدار رہے ہیں۔اسلامیات کے ساتھ ساتھ عربی زبان وادب کے فروغ میں ہندوستانی علما کا کردار ہر دور میں کلیدی رہا ہے اور آج بھی اس دیار ِ عجم میں عربی زبان پڑے سلیقے سے پھل پھول رہی ہے۔‘عالمی ادارہ برائے امن لندن‘ اور’اکیڈمی آف ایکسیلنس کیرالہ‘ کے اشتراک سے شعبۂ عربی دہلی یونی ورسٹی کے زیر اہتمام اس بین الاقوامی ویبینار میں معروف عربی شاعرہ اور کاتبہ وفا عبد الرزاق، ممتازمعاصر عربی نقاداور جامعہ بصرہ کے مؤقر استاذ ڈاکٹر جواد حبیب محمد البدرانی، جامعہ موصل عراق میں عربی زبان کے سینئر پروفیسراور مشہور ادیب ڈاکٹر باسل حمود خلف اورجے این یو میں عربی کے سینئر استاذ پروفیسر مجیب الرحمن نے عربی زبان وادب سے متعلق مختلف عناوین پراپنے اپنے وقیع محاضرات پیش کیے۔اس سے قبل شعبہ عربی دہلی یونیورسٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے صدرِ شعبہ ڈاکٹر نعیم الحسن اثری نے شعبہ عربی اور اس یونی ورسٹی سے ملحق دوسرے کالجز میں شعبہ عربی کی خدمات کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔پروگرام کی صدارت شعبہ عربی کے سابق صدر اور ہندوستان کے نامور عربی استاذ پروفیسر محمد نعمان خان نے کی،انھوں نے اپنے صدارتی خطبہ میں عربی زبان کو درپیش اندورنی چیلنجز کی جانب اشارے کیے، قبل ازیں افتتاحی خطبہ شعبہ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر پروفیسر حبیب اللہ خان نے پیش کیا۔شعبہ کے سینئر استاذ ڈاکٹرسید حسین اختر اور ڈاکٹر اصغر محمود نے عرب مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کا فریضہ صدرِ شعبہ نے انجام دیا جب کہ کلمہئ تشکر شعبہ کے استاذ ڈاکٹر مجیب اختر نے پیش کیا۔پروگرام میں ہندوستان کی مختلف یونی ورسٹیز وکالجز او رجزائز،عراق،مصر اور دوسرے عرب ممالک سے متعدد عربی اساتذہ او ر اسکالرز نے شرکت کی۔پروگرام کے کامیاب انعقادپرمختلف یونی ورسٹیوں کے عربی شعبہ جات کے اساتذہ اور اسکالرز نے صدر شعبہ کو مبارک باد پیش کی۔