(سنبھل ): سنبھل کے مشہور اسکول ’’بال ودھیا مندر‘‘ نے ضلع سنبھل کے کالجوں واسکولوں کی نویں جماعت سے بارہویں جماعت کے طلبہ وطالبات کے درمیان ایک مسابقہ کا انعقاد کیا، جس میں ضلع سنبھل کے تقریباً ۲۰ مشہور کالجوں واسکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کی بیٹی شذیٰ پروین، جو فی الحال انجلس پبلک اسکول میں بارہویں جماعت کی طالبہ ہے، نے ضلع سنبھل کے کالجوں واسکولوں کے درمیان انٹرنیٹ کے نقصانات وفوائد کے موضوع پر بحث ومباحثہ کے مسابقہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ النور پبلک اسکول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی کی بیٹی شذیٰ پروین نے انگریزی زبان میں منعقد ہونے والے اس بحث ومباحثہ میں انٹرنیٹ کے فوائد پر دلائل کے ساتھ گفتگو کی۔ بال ودھیا مندر اور سینٹ میری اسکول کے طالبات بھی اس انداز سے ڈیبیٹ میں شرکت نہ کرسکے جو ایک عالم دین کی بیٹی شذیٰ پروین نے انگریزی زبان میں مدلل اپنی بات پیش کی۔ شذیٰ پروین گزشتہ سال سے انجلس پبلک اسکول میں زیر تعلیم ہے، اس سے قبل اُس نے ہولی صفہ پبلک اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی۔ شذی پروین نے نرسری کلاس سے ساتویں کلاس تک تعلیم ریاض میں ہندوستانی سفارت خانہ کے زیر اہتمام چلنے والے انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض میں حاصل کی تھی۔ ریاض میں بھی شذیٰ پروین نے اس نوعیت کے پروگراموں میں شرکت کرکے اچھی کارکردگی پیش کی تھی۔ اس کی اس کامیابی پر جہاں موجودہ اور سابقہ اسکولوں کو فخر حاصل ہورہا ہے وہیں اس کے دوست واحباب ورشتہ داروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔