ششی تھرورنے این ڈی اے کانیا مطلب بتایا،’نوڈیٹا اویلیبل‘

نئی دہلی:پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں کئی امورپر مودی حکومت نے ایوان میں کہا ہے کہ اس کے پاس اعداد و شمار نہیں ہیں۔ گذشتہ ہفتے لاک ڈاؤن میں تارکین وطن کی موت کے بعد اب حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ اس کے پاس کسانوں کی ہلاکت کے بارے میں اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔اس پر اپوزیشن پارٹیاںحکومت پر زبردست حملے کر رہی ہیں۔کانگریس کے سنیئرلیڈرششی تھرور نے منگل کے روز ایک کارٹون شیئرکرتے ہوئے مرکز کی این ڈی اے حکومت پر طنزیہ انداز میں حملہ کیا۔ایک ٹویٹ میںششی تھرورنے ایک کارٹون شیئر کرتے ہوئے کہاہے کہ این ڈی اے کامطلب’’نو ڈیٹا اویلیبل ‘‘ہے اور اس کے ساتھ لکھاہے کہ مہاجر مزدوروں کے بارے میں کوئی ڈیٹانہیں،کسانوں کی خودکشیوں کا کوئی ڈیٹانہیں ، فنانشیل امور کے بارے میں غلط اعداد و شمار موجود ہیں ، یہاں تک کہ کوویڈ سے ہونے والی اموات سے متعلق گمراہ کن اعداد و شمار،جی ڈی پی میں اضافے کے بارے میں کوئی واضح اعداد و شمار نہیں ہیں۔ اس حکومت نے این ڈی اے کی تعریف کو تبدیل کردیا ہے۔