ششی تھرور خواتین میں اتنا مقبول کیوں ہیں؟ ـ فائق عتیق قدوائی

ترجمہ:محمد توصیف

ششی تھرور کی سالگرہ پر ان کی شخصیت کو سمجھنا چاہیے ۔ اکثر ان پر میمس بنتے رہتے ہیں۔ کسی بھی خاتون کے ساتھ ان کی تصویر ہمیشہ بحث کا موضوع ہوتی ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ عورتیں، لڑکیاں ہمیشہ ان کے قریب پائی جاتی ہیں۔ پیسہ ہے؟ مردانہ وجاہت ہے؟ ہرگز نہیں۔ پیسہ کس سیاست دان کے پاس نہیں ہے۔ اور خوبصورتی بھی نایاب نہیں لیکن جو چیز ششی تھرور کو پیسہ اور خوبصورتی سے الگ کرتی ہے وہ ہے ان کی قابلیت۔ قابل تو بڑے بڑے ماہرینِ معاشیات، پروفیسرز اور سائنس داں بھی ہوتے ہیں۔ لیکن ششی تھرور ایک سحر کا نام ہے۔ ہر موضوع پر وہ نہایت خوبصورتی سے اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ کوئی بھی عورت ان کے قریب آکر خود کو غیر محفوظ نہیں سمجھتی۔ ان کی شخصیت میں نفاست ہے۔ نرمی ہے۔ خوش اخلاقی ہے۔ وہ ہر آنے والے اور ملنے والے کے مزاج میں ڈھل جاتے ہیں۔ ششی تھرور ایک بہترین ادیب ہیں۔ ان کی تحریر میں سنیما، سنگیت، آرٹ، تاریخ، زبان، تہذیب، معاشرہ کیا کچھ نہیں ہے۔ اور جب بولتے ہیں تو مذکورہ فنون کا طالب علم سنتا ہی رہ جائے۔ صاف زبان کے مالک ہیں۔ لندن میں انگریزوں کے سامنے کھڑے ہوکر کالونیل دور کے مظالم پر برٹشوں کو جو جھاڑ انہوں پلائی تھی، وہ دستاویز بن چکا ہے۔ آپ کیا سوچتے ہیں، ایک عورت ششی تھرور کو چھوڑ کر ایسے لوگوں سے ملے اور بات کرے جو بڑے عہدوں پر پہونچ کر یہ بیان دیتے ہوں کہ مور کے آنسو پی کر مورنی حاملہ ہو جاتی ہے؟ یا پھر وہ اس سپریم لیڈر کے قریب جانا پسند کرے گی جو جب منہ کھولے جھوٹ ہی اگلتا ہے؟
کیرل، کولکاتا، دہلی، ممبئی، امریکہ و برطانیہ جیسی مختلف جگہوں پر ایک لمبا عرصہ گزارنے کے بعد ان کے تجربوں میں پختگی آ گئی ہے۔ کوئی بھی عورت انہیں پلے بوائے سمجھ کر ان کے قریب نہیں ہوتی۔
فطری طور پر انسان ایسے شخص کی قربت چاہتا ہے جو مہذب ہو، منہ کھولے تو میٹھا بولے، آئیں شائیں بائیں نہ بکتا ہو، اس کا مزاح بھی ادبی پیرائے میں ڈھلا ہو، علمی ہو۔ اگر آپ ششی تھرور کو سمجھیں تو غیر ارادی طور پر اچھی عورتوں، لڑکیوں کا مزاج بھی سمجھ جائیں گے۔ بےشک ان کی ازدواجی زندگی کامیاب نہ رہ سکی لیکن ان کی شخصیت میں وہ سحر ہے کہ کوئی بھی کھنچا چلا آتا ہے۔ ان کی تصویریں بہترین اور باصلاحیت لوگوں کے ساتھ ہوتی ہیں، پر اب زیادہ سامنے نہیں آتی۔ باقی خوبصورتی چند دنوں میں ڈھل جانی ہے۔ پیسہ ہے ہے، نہیں ہے۔ جب تک رہے گا حریص لوگ آپ کے گرد ڈیرا ڈالے رہیں گے لیکن قابلیت ہمیشہ بہترین لوگوں سے جڑنے کے مواقع دیتی ہے۔ اور ایک جملے میں کہیں تو ششی تھرور ایک قابل انسان ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*