نئی دہلی:دہلی پولیس کی طرف شرجیل امام کے خلاف جامعہ میں وطن کے ساتھ غداری کرنے اور فسادات بھڑکانے کے الزام میں چارج شیٹ فائل کی گئی۔ شرجیل کو اسی الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ ثبوتوں کی بنیاد پر، شرجیل پر سیکشن 124 اے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مبینہ طور پر ملک مخالف بیان بازی کرنے والے جے این یو طالب علم شرجیل امام کو بہار کے جہان آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ شرجیل امام کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ مبینہ طور پر ملک مخالف بیان بازی کرتے نظر آئے تھے۔پولیس کے مطابق وائرل ویڈیو میں شرجیل امام تقریر کرتے نظر آ رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ ویڈیو 16 جنوری کو اے ایم یو میں ایک عوامی تقریر کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی۔ ویڈیو میں شرجیل کو ملک مخالف بیان بازی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ جس میں امام شمال مشرق ہندوستان کو باقی ہندوستان سے الگ کرنے کی بات کرتے ہیں۔ شرجیل امام دہلی کے شاہین باغ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے ابتدائی دور میں اس کے منتظمین میں سے ایک ہیں۔