ایمبولینس اور اسکول بسوں کے لیے راستہ کھولنے پر رضامندی،گورنرنے مظاہرین کے مطالبات مرکزی حکومت کوپہنچانے کی یقین دہانی کروائی
نئی دہلی: شاہین باغ مظاہرہ کے سلسلے میں آنے والی متعدد خبروں کے بیچ آج شاہین باغ مظاہرین کے نمایندہ وفد نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم کیے جائیں تومظاہرے کی وجہ سے راستہ بند ہونے کے معاملے کے حل کے لیے کوئی بھی مناسب پیش رفت کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ایل جی سے کہاکہ ایمبولینس اور اسکول بسوں کے لیے ہم راستہ کھولنے کوتیارہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون پیش کریں گے۔ایل جی نے مظاہرین کے وفد کی باتیں سنیں اور انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کے مطالبات وزارتِ داخلہ کے سامنے پیش کریں گے۔قابل ذکرہے کہ 20جنوری کو دہلی پولیس نے شاہین باغ مظاہرین سے اپیل کی تھی کہ چوں کہ اسکولوں میں امتحانات قریب ہیں اور اس مظاہرے کی وجہ سے کئی ہفتوں سے بچوں کو پریشانی ہورہی ہے اس لیے مظاہرین اسکول کی بسوں کے گزرنے کے لیے راستہ کھول دیں۔دہلی پولیس نے شاہین باغ مظاہرین اور ایل جی کی ملاقات کو خوش آیند قراردیاہے اورامید جتائی ہے کہ مسئلے کا بہتر حل نکلے گا۔