ملک اور صوبے کے ممتاز صاحبانِ قلم کی شرکت، چیف سیکریٹری جناب عامر سبحانی افتتاح کریں گے
پٹنہ: بہار میں ظرافت، تحقیق اور بچوں کی ادب کے حوالے سے ظفر کمالی کی ادبی و علمی اہمیت واضح ہے۔ گذشتہ دنوں جب ساہتیہ اکادمی نے ادبِ اطفال کے لیے اُنھیں اپنا ایوارڈ پیش کیا تو بزمِ صدف انٹر نیشنل نے یہ طے کیا تھا کہ اُن کی ادبی خدمات کے حوالے سے ایک بھر پور سے می نار منعقد کیا جائے گا۔ خدا کا شکر ہے کہ آیندہ اتوار بہ روز ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۲ ء کو دس بجے دن سے بہار اردو اکادمی کے سے می نار ہال میں یہ تقریب منعد ہونے جارہی ہے جس کا افتتاح بہار کے موجودہ چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی فرمائیں گے۔ یک روزہ سے می نار کا کلیدی خطبہ داکٹر امتیاز وحید، صدر شعبۂ اردو، کلکتہ یو نی ور سٹی،کولکاتا پیش کریں گے جس میں ظفر کمالی کی کثیر الجہات شخصیت اور علمی کمالات پر سیر حاصل گفتگو کی توقع ہے۔ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے روزنامہ قومی تنظیم کے مدیرِ اعلا جناب سیّد محمد اشرف فرید خطاب فرمائیں گے اور ویر کنور سنگ یو نی ورسٹی کے سابق صدر شعبۂ اردو اور خانقاہِ شاہ ارزاں کے سجادہ نشیں پروفیسر سیّد شاہ حسین احمد پروگرام کی صدارت فرمائیں گے۔ ممتاز فکشن نگار داکٹر سنتوش دیکشت اور معروف محقق پروفیسر کرمیندو ششر مہمانِ اعزازی کے طور پر محفل کے حصّہ ہوں گے۔ افتتاحی جلسے میں مہمانوں کا استقبال بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری کریں گے اور رسالہ بھاشا سنگ، اردو ڈائرکٹوریٹ کے نائب مدیرہ داکٹر افشاں بانو نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔ اِس یک روزہ سے می نار میں ڈاکٹر ظفر کمالی بہ نفسِ نفیس موجود ہوں گے اور اپنے شایقین سے دو بہ دو خطاب کے لیے موجود ہوں گے۔
ظفر کمالی کی ادبی خدمات کے حوالے سے منعقدہ اِس سے می نار میں افتتاحی جلسے کے بعد دو تکنیکی اجلاس رکھے گئے ہیں۔ پہلے اجلاس کا عنوان ’شخصیت، ادبِ اطفال اور رباعی گوئی‘ اِس موقعے سے صوبۂ بہار کے مختلف اضلع سے بارہ نقّاد اور محققین کے مقالہ جات پیش کیے جائیں گے۔ پہلے جلسے کی صدارت ممتاز عالمِ دین اور ادیب مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی اور معروف افسانہ نگار جناب مشتاق احمد نوری مشترکہ طور پر کریں ،گے اِس جلسے میں ڈاکٹر اظہار خضر، جناب اسفر فریدی، ڈاکٹر ظفر امام قادری، ڈاکٹر امتیاز سرمد، ڈاکٹر انوار الحسن، ڈاکٹر منی بھوشن کمار، جناب جاوید اقبال، داکٹر تسلیم عارف، ڈاکٹر صالحہ صدیقی، محترمہ شگفتہ ناز، محترمہ نازیہ تبسّم، جناب محمد شوکت علی، جناب محمد مرجان علی؛ اپنے تحقیقی و تنقیدی مقالات پیش کریں گے۔
تقریب کا دوسرا اجلاس ظفر کمالی کی تنقید و تحقیق اور ظرافت نگاری کے اعتراف و احتساب کے لیے متعین ہے۔ اِ س جلسے کی مجلسِ صدارت میں داکٹر اظہار خضر اور ڈاکٹر ظفر امام قادری شامل رہیں گے۔ گیارہ مقالاں خواں حضرات میںجناب مشتاق احمد نوری، مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، ڈاکٹر ظفر امام قادری، ڈاکٹر ریحان غنی، ڈاکٹر محمد ذاکر احسین، ڈاکٹر عطا عابدی،مفتی محمد ولی اللہ قادری، داکٹر افشاں بانو ، جناب رہبر مصباحی، جناب عبد الوہاب قاسمی، جناب محمد عارف اقبال ، محترمہ شازیہ حسن ؛ کی شرکت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ ظفر کمالی کی ادبی خدمات کے بارے میں تفصیل کے بعد گفتگو ممکن ہو سکے گی۔ منظوم تاثّرات کے لیے جناب ظفر صدیقی، جناب شاہدد اختر، جناب شکیل سہسرامی، جناب زاہدسیوانی اور ڈاکٹر التفات امجدی افتتاحی اجلاس میں موجود ہوں گے۔ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی اور جناب صابر رضا رہبر مصباحی کی تازہ کتابوں کا اجرا بھی اِس موقعے سے عمل میں آئے گا۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر پروگرام کے دعوت ناموں کی تقسیم عمل میں آئی ہے مگر عین ممکن ہے کہ کسی شائقِ اردو تک یہ دعوت نامہ پہنچنے سے رہ گیا ہو ، ایسی صورتِ حال میں بزمِ صدف نے اردو کے لاکھوں شائقین سے معذرت کی ہے اور اُن سے گزارش کی ہے کہ اِس اخبار کی خبر کو ہی دعوت نامہ تصوّرکرتے ہوئے ۲۰؍نومبر(اتوار) کو دس بجے دن میں بہار اردو اکادمی کے ہال میں تشریف لائیں اور اردو کے ایک ایسے سچے خادم اور کثیر الجہات تخلیق کارڈاکٹر ظفر کمالی کی خدمات کے اعتراف کے تاریخی موقعے پر شریک ہوں۔