نبی کے طریقہ کے مطابق زندگی گزار کر دنیا کو امن وسلامتی کا پیغام پہنچانا وقت کی اہم ضرورت: ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی
(سنبھل)النور پبلک اسکول اور القلم پبلک اسکول، سنبھل کے قیام کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد بچوں کی دینی تربیت کرنا ہے۔ اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے دونوں اسکولوں کو بہت کم وقت میں بڑی مقبولیت عطا فرمائی ہے۔ ماہِ ربیع الاول کے آغاز سے ہی بچوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پاک سنتوں سے واقف کرانے کے لئے متعدد پروگراموں کا انعقاد ہوا جس میں تمام نبیوں کے سردار کی زندگی کے مختلف پہلووں کو طلبہ وطالبات کے سامنے پیش کیا گیا۔ طلبہ وطالبات نے سیرت النبی کے موضوع پر تقریری مسابقہ میں شرکت کی جس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے جاگنے سے لے کر سونے تک کے مختلف پہلووں سے متعلق بچوں نے بہت ہی عمدہ انداز میں تقریریں پیش کیں۔ نرسری کلاس کے معصوم بچوں نے پیارے نبی کی پیاری باتوں کے عنوان سے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مختصر حدیثیں پیش کیں، جس میں عبادات کے علاوہ اخلاق، معاشرت اور معاملات پر بھی جامع احادیث پیش کی گئیں۔ پہلی جماعت سے چھٹی جماعت تک کے طلبہ نے سیرت النبی پر تحریری وزبانی کوئز مسابقہ میں شرکت کی۔ نرسری، ایل کے جی اور یو کے جی کے طلبہ وطالبات نے تقریری مسابقہ میں شرکت کی۔ اس طرح دونوں اسکولوں کے تقریباً 900 بچوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پروگراموں میں شرکت کی۔ بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات نے حمد ونعت بھی پڑھی۔ کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔
النور پبلک اسکول اور القلم پبلک کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے یہ سبق لینا چاہئے کہ گھریلو یا ملکی یا عالمی سطح پر جیسے بھی حالات ہمارے اوپر آئیں، ہم ان پر صبر کریں اور اپنے نبی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اللہ سے اپنا تعلق مضبوط کریں۔ محسن انسانیت کی سیرت انتہائی معتمد ذرائع سے عصر حاضر تک منتقل ہوئی ہے اور ان شاء اللہ کل قیامت تک محفوظ رہے گی۔ رب العالمین نے رحمۃ للعالمین کی زندگی کا ایک ایک لمحہ قیامت تک آنے والے انسانوں کے لئے اسوہ بنایا ہے، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرکے اسوہ ئنبی کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں۔
القلم پبلک اسکول میں نظامت کے فرائض چھٹی جماعت کی طالبات نے، جبکہ النورپبلک اسکول میں چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ اور طالبات نے انجام دئے۔ آخر میں ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موضوع پر مسابقوں کے انعقاد پر ڈاکٹر جمال عبدالناصر، مولانا مقیم الرحمن ندوی، القلم پبلک اسکول کی پرنسپل محترمہ صاعقہ محسن اور النور پبلک اسکول کی پرنسپل محترمہ ثمرین جمال اور تمام اسٹاف ممبرکا شکریہ ادا کیا۔