سیرت باکس : معصوم کلیوں کے لئے ایک عمدہ پیش کش-عبد اللہ سلمان ریاض

زیر تبصرہ کتابوں و ایکٹویٹیزکا سیٹ”سیرت باکس“ کے نام سے جناب ضیاءاحمد قادری نے تیار کیا ہے۔جناب ضیاءاحمد قادری پیشے سے ایک سافٹ ویئر انجینئر ہیں۔ان کا تعلق بہار کے ایک مشہور مردم خیز ضلع مظفر پور سے ہے۔وہ صالح فکر کے مالک، باصلاحیت ، دین ِ اسلام سے سچی محبت رکھنے والے نوجوان ہیں۔ انہوں نے بہت کم مدت میں معصوم کلیوں کے لئے” سیرت باکس “ کے نام سے کچھ کتابیں اور چند ایکٹیو یٹیز پروجیکٹ تیار کیا ہے جو بچوں کے لئے بہت ہی مفید و کارآمد ہیں۔
کرونا دور میں جہاں کچھ لوگو ں نے اپنے وقت کو یوں ہی بیکار کاموں میں ضائع کردیا تو وہیں کچھ لوگوں نے اس کا صحیح استعمال کرکے تخلیقی کاموں میں لگایا ۔ ضیاءاحمد قادری نے کرونا مہاماری کے دوران اپنے وقت کا صحیح استعمال کرکے قوم و ملت کے بچوں کے لئے اسلامی و صالح فکر پر مبنی لٹریچر تیار کیا ہے جو دیکھنے میں دیدہ زیب و خوشنما ہے جس سے بچے خوشی خوشی استفادہ کرسکتے ہیں ۔ ان کایہ لٹریچر یا اکٹی ویٹی فولڈرس بہت ہی جاذبِ نظرو پرکشش ہیں۔ جس سے بچے بڑے شوق سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ان کا یہ کارنامہ قابل ستائش و قابل تقلید ہے۔
اس سیرت باکس کے تخلیق کار، مصنف اور ڈیزائنر خود ضیاءاحمد قادری صاحب ہی ہیں جو ابو مجتبیٰ قلمی نام سے لکھتے ہیں۔ انہوں نے ان کتابوں و پروجیکٹ کو جس عرق ریزی سے تیار کیا ہے اس کا صحیح اندازہ وہی شخص لگاسکتاہے جو اس میدان سے کچھ واقفیت رکھتا ہو۔ تصاویر کا انتخاب اور پھر اس کی ایڈیٹنگ اور پھر کلرنگ کا انتخاب یہ ایک بہت بڑا آرٹ ہے ۔ اس آرٹ اور فن میں ابومجتبیٰ صاحب بخوبی کامیاب نظر آتے ہیں۔انہوں نے جس فنی مہارت سے ان کتابوں کو تیار کیا ہے اس سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
یہ سیریز سیرت پاک کی روشنی میں، عصرِ حاضر کے تقاضوں کو پورا کرتا، اردو اور انگلش دو زبانوں میں ایک ساتھ، ننھے بچوں کے لئے گیارہ بہترین کتابوں اور پانچ ایکٹیویٹی سیٹ کا ابتدائی تعلیمی و تربیتی باکس ہے۔ تخلیق کار نے ان کتابوںکوبچوں کی نفسیات اور ان کی سائیکی کو ذہن میں رکھ کرمرتب کیا ہے۔
کتابوں کی تفصیلات کچھ اس طرح سے ہیں:
قرآن کی صحت بخش غذائیں: اس میں انہوں نے قرآن کریم اور احادیث نبوی میں جن پھلوں کا ذکر آیا ہے اس کو بیان کیاہے جس سے بچوں میں قرآن و حدیث سے مناسبت پیدا ہوگی اور بچے دین اسلام کو قرآن و حدیث کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
رحم دلی کی کتاب: اس میں انہوں نے ایک حدیث اور رحم دلی سے متعلق چھوٹے چھوٹے اقوال جمع کئے ہیں اور اسی مناسبت سے خوبصورت تصاویر کا بھی استعمال کیاہے۔
کتاب الحرمین : اس میں انہوں نے کعبة اللہ کی تاریخ، زم زم اور حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کے ذکر اور مدینہ شریف کا اصل نام اور تاریخ بیان کی ہے۔
زمین، آسمان اور قرآن : اس کتاب میں انہوں نے معصوم کلیوں کے لئے کائنات کے انکشافات اور قرآن میں خالق کائنات کے حوالے سے چند آیتوں کے مفہوم بیان کرنے کی کوشش کی ہے جس سے بچوں میں کائنات میں غورو فکر کرنے کی عادت ڈالی جاسکتی ہے۔
ماحولیات اور قرآن : اس میں ماحولیات سے متعلق قرآن وحدیث کی روشنی میں بچوں کو غورو فکر کی دعوت دی گئی ہے۔
ایمان کی کتاب : اس میں کلمہ طیبہ، کلمہءشہادت اور ایمان مفصل کو تفصیل سے خوبصورت انداز میں بیان کیا گیاہے۔
حمد، نعت اور نظم: اس میں جیسا کہ نام سے ظاہر ہے۔ بچوں کے لئے خوبصورت چھوٹے چھوٹے بول پر مشتمل حمد، نعت اور نظمیں ہیں۔ اسی کے ساتھ اللہ کے اسماءحسنی میں سے الخالق، الرّازق اور المہیمن نام سکھائے گئے ہیں۔
قرآن کے جاندار مخلوق: اس میں منصف نے قرآن کریم میں جن مخلوقات کا ذکرآیا ہے ان کی خوبیوں اور ان کے فوائدکو قدرے تفصیل سے بیان کیا ہے۔
ان کتابوں کے علاوہ آمہ خورشیدکی ”میرے سوہنے موہنے بچو!“ سنو کہانی سیریز کی دو کتابیں ایک اردو اور ایک انگریزی زبان میں اور ایک کتاب ”پیارے نبی ہمارے“اردو اورانگریزی میں شامل ہیں۔ یہ تینوں کتابیں بھی دیگر کتابوں کی طرح معیار ی و عمدہ ہیں۔
ان کے علاوہ(۱) الخالق چارٹ(بورڈ)،(۲)رحم دلی کیلنڈر،اس میں بچوں کے حوصلہ افزائی کے لئے اسٹیکر دیئے گئے ہیں جو بچوں کے حوصلہ افزائی کے لئے تیار کیا گیا ہے۔(۳)کعبہ سیٹ(کعبہ ماڈل ) اس میں ایک بڑا بورڈ ہے اور کالے کلر کے چھے پیپر ہیں جو کعبة اللہ بنانے کے لئے دیئے گئے ہیں اور ایک سنہری پٹی دی گئی ہے جس سے کسوہ اور کعبة اللہ کا دروازہ بنایا جاسکتا ہے۔
اس میں ایک چیز جو واقعی قابل دید ہے وہ ہے(۴) ”میرا صدقہ بیگ“ یہ بیگ بہت ہی خوبصورت اصلی کاٹن کا ہے۔ جس پر خوبصورت”سیرت باکس “ کا لوگو بناہوا ہے۔اسی کے ساتھ ایک پیپر ہے جس میں لکھاہے”رحم دلی کا ہر عمل صدقہ ہے“۔اس بیگ کا مقصدیہ ہے کہ بچوں کو چھوٹی چھوٹی رقم دی جائے جسے وہ اس بیگ میں جمع کریں اور خود غریبوں میں ان بچوں کے ہاتھ سے صدقہ کرایا جائے تاکہ بچوں میں ضرورت مندوں کی مدد اور دل جوئی کرنے کی عادت ڈالی جائے۔
اسی کے ساتھ ساتھ (۵)چار پینٹنگ اورچارکاغذ فریم دی گئی ہے۔جس میں بچوں کو رنگ بھر کرکے ان فریم میں لگانا ہے۔ اور ساتھ میںفریم کو لگانے کے لئے دھاگہ اور چار لکڑی کی خوبصورت کلپ دی گئی ہے۔ تاکہ بچے آسانی سے ان چیزوں کو اپنے کمرے کو سجانے کے لئے استعمال کرسکےں۔
یہ سیریز ابھی بالکل ابتدائی معلومات پر مشتمل ہے۔آئندہ شاید اس کے مزید لیول کو بڑھایاجائے اس کے بارے میں ابھی کوئی معلومات نہیں ہے۔مجموعی طور پر یہ سیرت باکس سیریز ایک عمدہ شاہکار ہے۔ جو معصوم بچوں کے لئے بہت ہی مفید ہے۔ آج جہاں ہمارے بچے دوسری چیزوں خصوصاً موبائل میں وقت ضائع کرتے ہیں اگر انہیں اس طرح کی چیزیں گفٹ کی جائیں اور ان کو اس کی طرف متوجہ کیا جائے تو شاید ان کے علم وعمل میں بھی اضافہ ہوگا اور ان کا دینی ذہن بنے گااور وہ اسلام، قرآن اور سیرت سے محبت کرنے والے بنیں گے۔
ابو مجتبیٰ صاحب کی اس کاوش کو لوگ پسندیدگی کی نظرسے دیکھ رہے ہیں اور ان کی ہر طرف سے پذیرائی بھی ہورہی ہے۔ ان کے اس قیمتی تحفے کو آپ خرید کر اپنے بچوں کو تحفتاً دیں تاکہ بچوں کی اسلامی بنیادوں پر ذہن سازی ہوسکے اور ہمارے یہ بچے مستقبل میں ہمارے دین کے سچے داعی و اسلام کے پکے سپاہی بن سکیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعاگوہوں کہ اللہ تعالیٰ اس سلسلے کو قبول و مقبول فرمائے اور اس کے مصنف و مو ¿لف کو اس کا بہترین اجر عطافرمائے ۔آمین
ابو مجتبیٰ کا رابطہ نمبر : 7739373076

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*