سید قطب کی قیمتی تحریریں ـ ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے سید قطب شہید رحمہ اللہ کی کتاب ‘اسلام اور مغرب کی کش مکش’ کا پانچواں ایڈیشن دسمبر 2020 میں طبع ہوگیا ہےـ یہ اصلاً ان کے مجموعۂ مقالات ‘دراسات اسلامیۃ’ کا اردو ترجمہ ہےـ اس میں 35 مقالات شامل ہیں ، جو مختلف رسائل میں شائع ہوئے تھےـ 30 برس قبل میں نے اس کا اردو ترجمہ کردیا تھا اور اس کی اشاعت مکتبہ سے ہوگئی تھی ـ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اسے بہت مقبولیت حاصل ہوئی _ اس کتاب پر مشہور مترجمِ قرآن مولانا محمد فاروق خاں نے میری گزارش پر ایک مختصر ‘پیش لفظ’ تحریر فرمایا تھاـ اس سے کتاب کی اہمیت کا بہ خوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہےـ انھوں نے لکھا تھا :

” ‘اسلام اور مغرب کی کش مکش’ اصل میں سید قطب شہید کے مجموعۂ مقالات ‘دراسات اسلامیۃ’ کا اردو ترجمہ ہے ـ یہ ترجمہ مولانا محمد رضی الاسلام ندوی صاحب کا کیا ہوا ہےـ موصوف ترجمہ کے فن میں بفضلہ تعالیٰ کافی دست رس رکھتے ہیں ـ سید قطب نے یہ مقالات مختلف مواقع پر پیش آمدہ مسائل کے پس منظر میں تحریر کیے تھے _ لیکن ان مقالوں کی قدر و قیمت میں ہرگز کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے ، بلکہ بعض پہلوؤں سے تو ان کی قدر و قیمت میں اضافہ ہی ہوا ہےـ
ان مقالوں کے مطالعے سے بخوبی یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ اسلام جس نظامِ حیات کی طرف دعوت دیتا ہے وہ نظام مستحکم اخلاقی بنیادوں اور گہرے نفسیاتی احساسات پر مبنی ہے _ یہی وہ واحد نظام ہے جو حقیقی معنوں میں ‘بین الاقوامیت’ کے فکر و نظریہ کا حامل ہے اور یہی وہ نظام ہے جو اس کی اجازت دیتا ہے کہ اس کے زیرِ سایہ دنیا کی تمام ہی قومیتیں ، تمام زبانیں اور عقائد امن و سلامتی کے ساتھ رہ سکیں ـ وہ ان سب کے درمیان مطلق عدل قائم کرتا ہےـ یہی نظام انسانیت کے انحطاط و زوال اور تخریب و ہلاکت سے محفوظ رہنے کی ضمانت دے سکتا ہے اور دیتا ہے ـ آج انسانیت کو حقیقت میں جس نظام کی تلاش ہے وہ اس کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں ہو سکتاـ
ان مقالوں کے مطالعے سے یہ بھی واضح ہو گا کہ اسلام کے داعی کے حقیقی جذبات و عزائم کیا ہوتے ہیں؟ اور ایک مثالی داعئ حق کی زندگی کیسی ہوتی ہے؟ سید قطب کی تحریر میں جو بلا کا زورِ بیان بیان پایا جاتا ہے ، فاضل مترجم نے اپنے ترجمے میں حتیٰ الامکان اسے باقی رکھنے کی سعی کی ہے اور اس میں وہ بڑی حد تک کام یاب دکھائی دیتے ہیں ـ
خدا کرے ، یہ مجموعۂ مقالات تحریکِ اسلامی کے کارکنوں کے لیے ایک رہ نما کتاب ثابت ہو اور وہ اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں ـ
خاک سار
محمد فاروق خاں

صفحات : 265 قیمت : 160 روپے

پاکستان میں اسے اشاعتی ادارہ ‘عکس’ لاہور نے شائع کیا ہےـ

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*