سعودی عرب میں مقیم ریحان صدیقی نے اے ایم یو کے میڈیکل کالج کو پندرہ لاکھ روپیے کا عطیہ دیا

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جے این میڈیکل کالج میں آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے لیے جبیل، سعودی عرب میں مقیم این آر آئی مسٹر ریحان عالم صدیقی نے پندرہ لاکھ روپئے کی خطیر رقم عطیہ کی ہے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس عطیہ کے لیے مسٹر ریحان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں یونیورسٹی کے بہی خواہ ہیں۔ ان کے عطیہ سے میڈیکل کالج میں کووڈ بحران سے مضبوطی سے نپٹنے میں یقیناً مدد ملے گی۔ ہم وبا کی روک تھام کے لئے اے ایم یو میں اپنی سطح پر بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اس عطیہ سے آکسیجن سپلائی کا نظام مستحکم ہوگا۔بریلی سے تعلق رکھنے والے ریحان عالم صدیقی نے سعودی عرب کے مشرقی خطہ میں ایک کامیاب صنعتکار کے طور پر اپنی شناخت قائم کی ہے۔ وہ سعودی عرب میں ہندوستانی قونصل خانہ سے ہندوستانی لوگوں کے بہتر تعلقات کو فروغ دینے میں نمایاں کردار نبھاتے ہیں۔ وہ ثقافتی و علمی پروگراموں کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔