’ ستیہ گرہ‘ کرنے والے مرشد آبادوالوں کو بنگلہ دیشی کیوں کہتے ہیں:اویسی کاطنز

کولکاتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے پر مسلسل حملے ہوتے رہتے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے چیف اسد الدین اویسی نے ہفتہ کے روز مرشد آباد میں ایک ریلی میں وزیر اعظم مودی کو نشانہ بنایا۔ اویسی نے کہاہے کہ وزیر اعظم مودی نے کل بنگلہ دیش میں کہا تھا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کی آزادی کے لیے ستیہ گرہ انجام دیا ہے۔ اگرآپ بنگلہ دیش کے لیے ستیہ گرہ کرتے ہیں تو پھر مرشد آباد کے لوگوں کو بنگلہ دیشی کیوں کہتے ہیں۔بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے اویسی نے کہاہے کہ بی جے پی نے ملک میں اس قدر منافرت پھیلائی ہے کہ جب ایک مسلمان کا بچہ پانی لینے مندرمیں جاتا ہے تو اس کے ساتھ بدتمیزی کی جاتی ہے۔ مسلمانوں کو ’جہادی‘، قبائلیوں کو ’نکسلی‘ اور سیکولر مفکرین کو’ملک دشمن‘کہا جارہا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہاہے کہ مغربی بنگال میں بائیں بازو اور کانگریس کے ساتھ کچھ نہیں ہوگا۔ بنگال کے مسلمان بائیں بازوکی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کچھ نہیں کیا۔صرف آئین ہند کو سمجھ کر ہی ووٹ ڈالنے کی ضرورت ہے۔