ٹینس:ثانیہ مرزا خواتین ڈبلز کے سیمی فائنل میں پہنچیں

ہوبارٹ:
کافی دنوں کے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کرنے والی ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے پہلے ہی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ثانیہ مرزا اور ان کی یوکرائن کی جوڑی دار نادیہ کچے نوک نے جمعرات کو ہوبارٹ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے خواتین ڈبلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ثانیہ اور نادیہ نے وانیا کنگ اور کرسٹین میکہیل کی امریکی جوڑی کو شکست دے کر آخری4 میں جگہ بنائی۔2017 کے بعد سے کورٹ پر واپسی کررہیں ثانیہ کا یہ پہلا ٹورنامنٹ ہے۔بیٹے کو جنم دینے کے بعد سے وہ کورٹ سے دور تھیں۔ان کا بیٹا اجہان بھی ان کا میچ دیکھنے پہنچا تھا۔ ثانیہ اور نادیہ کے لئے یہ مقابلہ آسان نہیں رہا۔کنگ اور میکہیل کی جوڑی کے خلاف ان کو سخت محنت کرنی پڑی تھی۔ثانیہ اور نادیہ نے پھر بھی پہلے سیٹ میں 3-0 کی برتری حاصل کرلی تھی اور پھر آسانی سے سیٹ اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں حالانکہ ثانیہ-نادیہ کی جوڑی کو پریشانی ہوئی۔امریکی جوڑی نے تین بریک پوائنٹ بچائے۔اسکور ایک وقت 4-4 کی برابری پر تھا۔یہاں سے پھر ثانیہ اور نادیہ کی جوڑی نے مسلسل چھ پوائنٹس میچ اپنے نام کرکے سیمی فائنل میں قدم رکھا۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*