ثنا خان صاحبہ نے جب توبہ کی، دین کی طرف پلٹیں، ظاہر ہے ہر دیندار شخص نے اس سے خوشی محسوس کی، سوشل میڈیا پر متعدد اہل علم نے ان کو اس پر مبارکباد بھی دی. لیکن پھر جس طرح وہ چہرہ کھول کر میک اپ کر کے ویڈیوز بنا کر آیات وأحاديث پڑھنے لگیں دین پسند طبقے میں اسے انتہائی تشویش کی نظروں سے دیکھا گیا، پھر بھی لوگ خاموش رہے، البتہ وہ نوجوان جو سوشل میڈیا پر دینداری کا چولا پہن کر اپنی ہوسناک طبیعت کو تسکین پہنچاتے ہیں انہوں نے ثناء خان کے انسٹا اکاؤنٹ پر خوب لائک اور کمنٹ کیے اور خوب داد وتحسين سے نوازا، ایسا لگتا تھا کہ جیسے ثناء خان سے پہلے کبھی کسی نے دین کی بات کی ہی نہیں تھی ـ خیر ان سب کے بعد ثناء خان نے مفتی انس صاحب سے نکاح بھی کر لیا. ظاہر ہے اس فیصلے پر بھی کوئی عقلمند کیوں اعتراض کرے گا، لیکن حیرت اس پر ہوئی کہ مفتی صاحب نے اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ الگ الگ پوز میں تصویریں کھنچائی، ویڈیوز بنوائے اور انہیں سوشل میڈیا پر نشر کیا ، کم از کم ایک مفتی اور ایک بالیوڈ سے توبہ کر لینے والی خاتون سے ایسی توقع نہیں تھی. خیر ہم نے پھر بھی ان سارے معاملات پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھا کہ خود علماء کے طبقے میں بہت سارے لوگ اس قسم کی باتوں کو دوسرا رنگ دینے لگتے ہیں ـ
مگر آج ایک ویڈیو پھر منظر عام پر آیا ہے جس میں مفتی صاحب اور ان کی یہ تائب ہو چکی زوجۂ محترمہ ایک دوسرے کو آیت الکرسی پڑھ کر نظر بد سے دور کر رہے ہیں؟ یہ کیا ہو رہا ہے بھائی؟ یہ کون سا دین پیش کر رہے ہیں آپ لوگ؟ کیا آیت الکرسی کی فضیلت بیان کرنے کے لیے اب ایسے ہی اوچھے طریقے اپنائے جائیں گےـ
جناب مفتی انس صاحب اور محترمہ ثناء خان صاحبہ! میاں بیوی کے درمیان بیشک شدید محبت ہونی چاہیے، ہر اعتبار سے ایک دوسرے کی فکر ہونی چاہیے مگر یہ رشتہ، محبت اور تعلق نہایت نجی اور پرائیویٹ چیز ہے، ہمارے دین میں قطعاً اس کی گنجائش نہیں ہے کہ میاں بیوی یوں اپنی محبت وتعلق کی نمائش کرتے پھریں. دنیا بھر میں بہت سارے لوگ ضرور اس قسم کی سطحی کرتے ہیں مگر وہ اسلام کے نام پر نہیں کرتے، مگر آپ دونوں کی ان حرکتوں سے اسلام رسوا ہو رہا ہے، ایک مفتی اور عالم کی شبیہ داغدار ہو رہی ہے، توبہ اور دین کی طرف رجوع کا ایک غلط مفہوم اور پیغام نوجوانوں میں جا رہا ہےـ
اگر آپ دونوں واقعی اپنی ازدواجی زندگی شریعت کی روشنی میں گزارنا چاہتے ہیں تو اللہ کے واسطے یہ اوچھی حرکتیں بند کر دیں اور ایک دوسرے کے ویڈیو سوشل میڈیا پر نہ ڈالیں. ثنا صاحبہ! زائرہ وسیم کی مثال آپ کے سامنے موجود ہے، اللہ کی اس بندی نے جب سے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور توبہ کی ہے اس کے بعد اپنی کوئی تصویر یا ویڈیو سوشل میڈیا پر نہیں ڈالا ہے، آپ جس طرح ویڈیو بنا بنا کر دین کی باتیں کر رہی ہیں معاف کریں ہمارا دین اس کی اجازت نہیں دیتاـ
امید ہے آپ دونوں میری اس تلخ نوائی کو برداشت کریں گے اور اپنی اصلاح کریں گےـ
ثناء خان اور مفتی انس صاحب ـ عبدالغفار سلفی
previous post