نئی دہلی:’’جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پہلے شیخ الجامعہ مولانا محمد علی جوہرکا ہندوستان کی آزادی میں اہم کردار رہا ہے۔وہ قلم کے مجاہد تھے ،اس لیے انہوں نے انگریزی میں ’دی کامریڈ‘اور اردو میں ’ہمدرد‘ جیسے مؤقراخبارات جاری کیے اوران کے ذریعے اپنے افکار ونظریات دنیا کے سامنے پیش کیے۔بزم طلبہ،شعبہ اسلامک اسٹڈیز کئی سالوں سے ’صدائے جوہر‘ ان کی یاد میں شائع کررہی ہے جو یقینا خوش آیندبات ہے ۔‘‘ان خیالات کا اظہار پروفیسر اقتدار محمد خان، صدرشعبہ ،اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے بزم طلبہ کے سالانہ میگزین بہ عنوان (اسلام اور جدید معاشرہ)کے اجراء میں کیا۔انہوں نے مزید فرمایا کہ اس رسالے کا بنیادی مقصد جدیدمعاشرے کو درپیش مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں پیش کرنا ہے۔پروفیسر محمد اسحق،ڈین،فیکلٹی آف ہیومنٹیزاینڈ لینگویجز نے فرمایا کہ جامعہ کے لیے ناگزیر ہے کہ وہ اپنے تاریخی اورملی کردار کو برقراررکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے خود کو ہم آہنگ کرے اور تعلیم وتربیت دونوں پہلوؤں سے مقصد کا صحیح شعور پیدا کرے۔میں سمجھتا ہوں کہ اگر اس جانب سعی جمیل ہوتو اس میں ’صدائے جوہر‘ اہم کردار ادا کرے گا۔واضح رہے کہ ہر سال بزم طلبہ کی جانب سے ’صدائے جوہر‘کے نام سے مختلف جدید موضوعات پر ماہانہ وال میگزین اور ایک سالانہ رسالہ شائع کیا جاتا ہے جس میں تمام کاوشیں طلبہ کی ہی ہوتی ہیں۔ امسال بطور مدیرمحمد اکرم ،نائب مدیر اقراء طاہر ،معزالحق،معاون مدیر شیخ عظمیٰ نسیم ،ثانیہ خان اور دیگر ممبران (ابوسالم یحییٰ،محمد مدبر،محمد اسلام،محمد نعمان،عذرا شاہ شفیع)کا انتخاب عمل میں آیا۔بزم طلبہ کے مشیرڈاکٹر خورشید آفاق کی سرپرستی میں ’صدائے جوہر ‘کے دو شمارے (مسلم سائنس داں اورمسلم سائنس داں خواتین)کے علاوہ ایک خصوصی شمارہ’اسلام اور جدید معاشرہ‘ شائع ہوئے،ان میں اقراء طاہر اور عذرا شاہ شفیع نے اول انعام حاصل کیا۔اسی طرح ’اسلام اور مستشرقین‘ کے موضوع پر ایک تحریری مقابلہ بھی کرایا گیا جس میں معزالحق نے اول انعام پانچ ہزار روپے،شیخ عظمیٰ نسیم نے دوم انعام تین ہزار روپے،رئیس احمد نے سوم انعام دو ہزار روپے،احمد صفی نے چوتھا انعام ایک ہزار روپے اور شیمانیاز نے پانچواں انعام ایک ہزار روپے کا حاصل کیا،نیز محمدحمزہ، عبدالعلام، محمد شہنواز،عذراء شفیع شاہ اور ثانیہ خان کوتشجیعی انعام میں پانچ سو روپے دیے گئے۔کام یاب ہونے والے طلبہ کو سند اور ٹرافی سے بھی نوازا گیا۔ اس پروگرام میں شعبہ کے اساتذہ جناب جنید حارث،ڈاکٹر محمد مشتاق ،ڈاکٹر محمد ارشد،ڈاکٹر محمدخالد خان ،ڈاکٹرمحمد عمر فاروق،ڈاکٹر عبدالوارث خاں،ڈاکٹرجاوید اختر، ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمداسامہ ،ڈاکٹر ندیم سحر عنبریں،ڈاکٹر عمار عبدالحئی اور ڈاکٹر محمد مسیح اللہ کے علاوہ بی اے اور ایم اے کے طلبہ وطالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
بزم طلبہ شعبہ ،اسلامک اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کے سالانہ مجلے کا اجرا
previous post