نئی دہلی:انگریزی نیوز ویب سائٹ”مکتوب میڈیاڈاٹ کام“کے مطابق صحافی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم شاہین عبداللہ کو آج علی گڑھ میں یوپی پولیس نے ڈٹین کرلیاہے اورانہیں علی گڑھ کے نزدیک اپرکوٹ پولیس اسٹیشن لے جایاگیاہے۔وہ ’’مکتوب میڈیا‘‘ کے لیے علی گڑھ کے شاہ جمال علاقے میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف چل رہے خواتین کے احتجاج کی رپورٹنگ کے لیے گئے تھے۔قابل ذکرہے کہ شاہین عبداللہ کی تصویر 15دسمبر2019کوجامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کے ساتھ دہلی پولیس کی زیادتی کے دوران وائرل ہوئی تھی،انہیں ان کی ساتھی طالبات عائشہ رینا،چندایادو اور لدیدہ فرزانہ پولیس سے بچاتی ہوئی نظر آرہی تھیں۔بعدمیں یہی تصویر ملکی و عالمی سطح پرشہریت ترمیمی قانون و این آرسی کے خلاف احتجاج کی ایک مضبوط علامت کے طورپر ابھرکرسامنے آئی۔ابھی دودن قبل بھی شاہین عبداللہ کاایک ویڈیوسوشل میڈیاپروائرل ہوا تھا،جس میں وہ اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ دہلی میٹرومیں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی نعرے لگارہے تھے۔