دہلی:صحافی راجیو شرماسمیت چینی،نیپالی شہری گرفتار،چین کے لیے جاسوسی کا الزام

نئی دہلی:دہلی پولیس اسپیشل سیل نے ایک آزاد صحافی راجیو شرما، چینی خاتون کنگ شی اور نیپالی شہری شیر سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ راجیو پر چینی انٹلیجنس کو خفیہ معلومات دینے کا الزام ہے۔ کنگ شی اور شیر سنگھ نے شیل کمپنیوں کے ذریعہ راجیو کو بڑی رقم دی تھی۔ چینی انٹلیجنس ڈیپارٹمنٹ نے راجیو شرما کو حساس معلومات فراہم کرنے کا کام سونپا تھا۔موصولہ اطلاع کے مطابق اسپیشل سیل نے راجیو شرما کو سرکاری خفیہ ایکٹ کے تحت پیتم پورہ کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ راجیو کے پاس سے دفاع سے متعلق انتہائی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق راجیو شرما کو 14 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دوسرے دن اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 6 دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ اب 22 ستمبر کو ان کی درخواست ضمانت پر پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں سماعت ہوگی۔ گرفتار ملزمان سے متعدد موبائل، لیپ ٹاپ اور دیگر مواد بھی برآمد ہوئے ہیں۔ خصوصی سیل کی ٹیم اس سے تفتیش کررہی ہے۔ راجیو شرما یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا، دی ٹربیون، فری پریس جرنل، سکرال جیسے اداروں میں کام کر چکا ہے۔