آر ایس ایس کو’سنگھ پریوار‘کہنامناسب نہیں:راہل گاندھی

نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر آر ایس ایس کونشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب آر ایس ایس کو ’سنگھ پریوار‘ نہیں کہیں گے۔راہل گاندھی نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ کیا اور لکھاہے کہ مجھے یقین ہے کہ آر ایس ایس اوراس سے متعلقہ تنظیم کوسنگھ پریوار کہنا درست نہیں ہے۔ خاندان میں خواتین ہوتی ہیں،بوڑھوں کی عزت ہے ، شفقت اورپیار کا احساس ہے ، جو آر ایس ایس میں نہیں ہے ، اب میں آر ایس ایس کو سنگھ پریوار نہیں کہوں گا۔ اس کے علاوہ انھوں نے کہاہے کہ ملک کی اصل وباکورونانہیں بلکہ بے روزگاری ہے ۔اس سے قبل ٹویٹ میں راہل نے جھانسی میں راہبات کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا تھا اور اسے سنگھ کے پروپیگنڈے کا نتیجہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے انگریزی میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھاہے کہ یہ سنگھ پریوار کے پروپیگنڈے کا نتیجہ ہے۔ وہ ایک برادری کو دوسری جماعت کے خلاف کھڑا کررہے ہیں۔یہ اقلیتوں کو پامال کرنے کی سوچ کا نتیجہ ہے۔