نئی دہلی : سورو گنگولی اس وقت بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) کے صدر ہیں۔ انہوں نے یہ عہدہ 2019 میں سنبھالا تھا۔ان کی میعاد کی مدت 3 سال مکمل ہو چکی ہے اور ان کی جگہ سابق بھارتی کھلاڑی راجر بنی کا چیئرمین بننا تقریباً طے ہے۔ بی سی سی آئی کے صدر کے اس عہدے کے لیے اب تک صرف راجر بنی نے ہی نامزدگی داخل کی ہے۔ آئیں جانتے ہیں کہ راجر بنی کون ہیں، جو بی سی سی آئی کے نئے صدر بننے جا رہے ہیں۔ہندوستانی ٹیم نے پہلی بار 1983 میں کپل دیو کی کپتانی میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔ راجر بنی اس فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔ اس سال کے ورلڈ کپ میں انہوں نے اپنی باؤلنگ کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ تاہم اس کے بعد بھی بہت سے لوگ انہیں اچھی طرح سے نہیں جانتے۔ ان کا پورا نام راجر مائیکل ہمفری بنی ہے۔1983 کے ورلڈ کپ میں راجر بنی نے آسٹریلیا پر تباہی مچائی تھی۔ انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گئے میچ میں 8 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا نے آسٹریلوی ٹیم کو 129 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔راجر بنی نے ہندوستانی ٹیم کے لیے 1979 میں پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیاتھا۔ اس کے ساتھ ہی سال 1987 میں انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی پاکستان کے خلاف کھیلا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں کل 27 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے باؤلنگ کرتے ہوئے 47 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ کرتے ہوئے 830 رنز بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کل 72 ون ڈے کھیلے جس میں انہوں نے باؤلنگ کرتے ہوئے 77 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ کرتے ہوئے 629 رنز بنائے۔ راجر بنی ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلنے والے پہلے اینگلو انڈین کھلاڑی ہیں۔راجر بنی سال 2000 میں انڈر 19 ہندوستانی ٹیم کے کوچ تھے، جس سال انڈر 19 ہندوستانی ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس ٹیم میں یوراج سنگھ اور محمد کیف جیسے مشہور کھلاڑی موجود تھے۔ محمد کیف اور یوراج سنگھ اپنی کامیابی کا کریڈٹ ہمیشہ راجر بنی کو دیتے ہیں۔غور طلب ہے کہ راجر بنی کے بیٹے اسٹیورٹ بنی بھی ہندوستانی ٹیم میں کھیل چکے ہیں۔ جب اسٹیورٹ بنی کو ہندوستانی ٹیم میں منتخب کیا گیا تو راجر بنی بی سی سی آئی کے سلیکٹر تھے۔ کہا جاتا تھا کہ اسٹورٹ بنی کو ان کی وجہ سے منتخب کیا گیا تھا۔ اس پر راجر بنی نے کہا تھا کہ جب اسٹورٹ بنی کا نام آیاتھا، تو وہ میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔