نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے کوروناکی وباکے بعدانتخابی قواعد میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس کی مخالفت بڑھتی ہی جارہی ہے۔ ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے بعد اب بہار کی اپوزیشن جماعتیں بھی اس کے خلاف نکل آئی ہیں۔ راشٹریہ جنتا دل نے ان تبدیلیوں کی مخالفت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا ہے۔ ان تبدیلیوں کا پہلا اثربہارمیں ہونے جارہا ہے جہاں اس سال اکتوبر سے نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھانے بھی الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر ان تبدیلیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور اس موضوع پر فوری طور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کیاہے۔منوج جھا نے لکھا ہے کہ ان تبدیلیوں کی وجہ سے انتخابی عمل کی معتبریت پرسوال اٹھائے جائیں گے کیونکہ پوسٹل بیلٹ کے قواعد میں یہ تبدیلیاں رائے دہندگان کی تفتیش کے عمل میں سمجھوتہ کرنے کا امکان پیدا کردیں گی۔ آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ کے مطابق ان تبدیلیوںسے حکمران اتحاد کو براہ راست فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کیونکہ انتظامیہ ان کے ہاتھ میں ہے۔ منوج جھاکہتے ہیں کہ ان تبدیلیوں کے انتخابی نظام پر دور رس اثرات مرتب ہونے والے ہیں ، اس لیے پہلے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی جانی چاہیے۔