ریٹائرڈ آئی اے ایس سراج حسین ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے نئے چیئر مین منتخب

 

نئی دہلی : (پریس ریلیز ) ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نے وژن 2026 کے بانی پروفیسر کے اے صدیق حسن کی یاد میں اہم اسکیموں اور ایوارڈ کا اعلان کیا ہے ۔ یہ فیصلہ فاونڈیشن کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں لیا گیا ۔ جامعہ اسلامیہ میوات کیمپس کو پروفیسر کے اے صدیق حسن نالیج ولیج نام دیا گیا ہے، یہ کیمپس لگ بھگ 25 ایکڑ پر مشتمل ہے اور یہاں پر تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ، دوسرا اعلان پروفیسر کے اے صدیق حسن سوشل انجینئر ایوارڈ ہے یہ سماجی خدمت میں مصروف این جی اوز اور افراد کو دیا جائے گا اور تیسرا بڑااعلان پوسٹ گریجویشن کرنے والے 100 طلبا کو اسکالر شپ دینے کا ہے جو مالی طور پر کمزور گھرانوں سے آتے ہیں ہونہار ہیں اور ان میں آگے بڑھنے کی صلاحیت ہے ۔ پروفیسر کے اے صدیق حسن نالیج ولیج بچوں اور بچیوں کے لیے پبلک اسکول ، پیرا میڈیکل کالیج ،ومینس کالیج ،آئی ٹی آئی ،اسپیشل اسکول ،ہاسپٹل ،لائبریری اور آڈیٹوریم پر مشتمل ہوگا – میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ وژن 2026 آنے والے دنوں میں خصوصی طور پر اپنی توجہ روزگار مہیا کرانے پر مرکوز کرے گا ، کرونا سے پریشان حال لوگوں کو روزگار سے جوڑنا اس کی ترجیحات میں شا مل کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں ۔

فاونڈیشن نے اپنی اسی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ میں رواں میقات کے لیے نئے عہدے داران کا بھی انتخاب کیا ۔ ریٹائرڈ آئی اے ایس سراج حسین ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے نئے چیئر مین منتخب ہوئے ہیں ، سراج حسین حکومت ہند کے ایگری کلچر سکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں اور جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر بھی رہے ہیں ۔ ٹی عارف علی اور مامونی مولوی وائس چیئر مین بنائے گئے ہیں جبکہ معظم نائک جنرل سیکریٹری اور سید محمد جعفر کو خزانچی بنایا گیا ہے ۔ وژن 2026 کا قیام 2006 میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد ہندوستانی مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا تھا اور اس ادارے نے بہت کم عرصے میں تعلیم ،صحت اور روزگار کے میدان میں نمایاں کام انجام دیا ہے ۔