ریسٹورنٹ میں چکن اورانڈوں پرپابندی ،بصورت دیگر کارروائی ہوگی

نئی دہلی:ملک کی نصف درجن سے زیادہ ریاستوں میں برڈ فلوکے انفیکشن کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ان ریاستوں کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ دریں اثنا دہلی میں شمالی میونسپل کارپوریشن نے ہوٹلوں اور ریستوراں کو چکن اور انڈوں کی سروس نہ دینے کاحکم جاری کیا ہے ، بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ حکم برڈ فلوپھیلنے کے تناظرمیں آیاہے۔گوشت کی فروخت کرنے والے مقامی دکان داروں کے لیے آرڈر میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ وہ مرغی اورچکن کی درآمدنہ کریں ، بصورت دیگر ان کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ 10 ریاستوں میں برڈفلو کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں پولٹری کا بازار بند کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ انفیکشن سے بچا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت کی جاسکے۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے اپنے علاقے میں گوشت کی تمام دکانوں ، گوشت پروسیسنگ یونٹوں میں مرغی کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردیا ہے۔