جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول میں جشن یوم جمہوریہ منایا گیا

دستورِ ہند مثالی آئین اور دستور ہے: ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی

 

ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد اس ملک کو آزاد کرایا،اور آزادی کے بعداس ملک کا دستور اور آئین ایسا مرتب کرایا جس میں آزادی کے ساتھ کھلی فضا میں نہ صرف سانس لے سکیں بلکہ امن و سکون کے ساتھ اپنے مذہب کے مطابق تمام لوگ زندگی بسر کریں،آپ جب مطالعہ کریں گے تو آپ کو علم ہوگا کہ دستورِ ہند مثالی دستور ہے جو اپنے شہریوں کو بغیر کسی بھید بھاؤ کے برابری کا حق دیتا ہے۔ یہ باتیں روزنامہ انقلاب دہلی کے سینئر سب ایڈیٹر ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نے جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول میں پرچم کشائی سے قبل کہا،انہوں نے جمہوری قانون سے پہلے نافذ قانون کا بھی ذکر کیا، ساتھ ہی مجاہدین وطن کے تذکرہ کےساتھ مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کی بھی قربانیوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ بہترین خراج عقیدت یہی ہے کہ مفتی عثمانی کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ قاری ظفر اقبال مدنی کارگزار مہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ نفرت کا خاتمہ محبت سے کریں گے ،مظلوموں کو آئین کے مطابق انصاف دلائیں گے ،یقینا ہم جشن جمہوریہ منارہے ہیں اور منانا چاہئے، ساتھ ہی ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے جن کے خون جگر اور پھانسی کے پھندے پر چڑھنے کے بعد یہ حسین موقع میسر ہوا۔ اس موقع پر مولانا حسان الحق جامی قاسمی نے کہا کہ آج اس پروگرام میں شرکت کرکے بے انتہا خوشی ہوئی اور طلبہ جامعۃ القاسم کے برجستہ تقریر اور نظم سن کر یہاں کے تعلیم وتعلم کا بہتر اندازہ ہوا،انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جنگ آزادی کی تاریخ کو پڑھیں ،اس سے نہ صرف آپ کے علم میں اضافہ ہوگا بلکہ آپ کے اندر اپنے بزرگوں کے تئیں جذبہ محبت اور عقیدت میں بھی اضافہ ہوگا، جو قومیں اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں وہ کبھی ترقی نہیں کرتیں۔ مفتی محمد انصار قاسمی نے کہا کہ اس ملک کی خوبصورتی جمہوریت ہی ہے،جمہوریت کی بقا اور آئین کا تحفظ ضروری ہے۔ مولانا رضوان الحق قاسمی نائب صدر خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا نے کہا کہ جمہوری اقدار کی حفاظت ضروری ہے،شاہ جہاں شاد نے کہا کہ یوم جمہوریہ کا پیغام یہی ہے کہ آئین کا بول بالا ہو،موقع پر مفتی عقیل انور مظاہری ،قاری شمشیر عالم جامعی،مولانا حمید الدین مظاہری ،مولانا محمد عقیل قاسمی ،قاری محمد نعمان جامعی وغیرہ نے اظہار خیال کیا ،جب کہ طلبہ جامعہ میں سے ابو رافع ،محمد زاہد ،قمر الدین اور انس فیصل وغیرہ نے اردو اور انگریزی میں تقریر اور نظم پیش کی۔ طلبہ جامعہ نے ترنگا یاترا بھی نکالا جس کا منظر بہت حسین تھا۔پرچشم کشائی قاری ظفر اقبال مدنی ،ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی ،مولانا رضوان الحق قاسمی اور شاہ جہاں شاد کے ہاتھوں سے ہوئی،پروگرام کو کامیاب بنانے میں قاری مشتاق احمد عثمانی ،ماسٹر صدام حسین، مولانا محمد عامر قاسمی ،مولانا محمد فیاض قاسمی نے اہم کردار ادا کیا۔ قرب و جوار سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔