Home اسپورٹس چہل کو 15ویں منزل سے لٹکانے والے شخص پر روی شاستری برہم،کہا- ایسے کھلاڑی پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے

چہل کو 15ویں منزل سے لٹکانے والے شخص پر روی شاستری برہم،کہا- ایسے کھلاڑی پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے

by قندیل

نئی دہلی :ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے سینئر لیگ اسپنر یوزویندر چہل کے اس انکشاف پر ردعمل ظاہر کیا ہے کہ آئی پی ایل 2013 کے دوران ایک غیر ملکی کھلاڑی نے انہیں ہوٹل کی 15ویں منزل کی بالکونی سے لٹکا دیا تھا۔ اس معاملے کی مذمت کرتے ہوئے روی شاستری نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ چہل نے بتایا تھا کہ وہ 2013 میں آئی پی ایل میچ کے بعد اس وقت بال بال بچ گئے تھے جب ایک نشے میں دھت کھلاڑی نے انہیں بنگلور ہوٹل کی 15ویں منزل کی بالکونی سے لٹکا دیا تھا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے روی شاستری نے کہا کہ یہ مذاق کی بات نہیں ہے۔روی شاستری نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ وہ شخص کون ہے، وہ اس وقت ہوش میں نہیں تھا۔ اگر ایسا ہوا ہے تو یہ بہت تشویشناک بات ہے۔ کسی کی جان کو خطرہ تھا، کچھ لوگوں کو یہ بات مضحکہ خیز لگ سکتی ہے لیکن یہ بالکل بھی مضحکہ خیز نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے ظاہر ہوا ہے کہ جس نے بھی ایسا کرنے کی کوشش کی وہ مناسب پوزیشن میں نہیں تھا۔ جب آپ ایسی حالت میں ہوتے ہیں اور ایسا کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو غلطی کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ قابل قبول نہیں ہے۔ ٹیم انڈیا کے ٹاپ لیگ اسپنروں میں سے ایک 31 سالہ چہل نے روی چندرن اشون کے ساتھ بات چیت کے دوران اس کا انکشاف کیا تھا۔ اس گفتگو کی ویڈیو ان کی نئی آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز نے جاری کی ہے۔شاستری نے کہا کہ میں اس طرح کی بات پہلی بار سن رہا ہوں، یہ بالکل بھی مضحکہ خیز نہیں ہے، اگر آج یہ واقعہ ہوتا ہے تو قصورواروں پر تاحیات پابندی لگائی جانی چاہیے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاحیات پابندی، بہتر ہے کہ وہ کرکٹ کے میدان کے قریب نہ آئیں، تب ہی پتہ چلے گا کہ یہ مضحکہ خیز ہے یا نہیں۔ چہل نے کہا تھا کہ بہت سے لوگ اس واقعے سے واقف نہیں تھے کیونکہ انہوں نے اسے اپنے پاس رکھا تھا۔روی شاستری نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ کھلاڑی ایسے واقعات کی جلد از جلد اطلاع دیں اور کسی سانحہ کا انتظار نہ کریں۔ اشون کے ساتھ بات چیت کے دوران چہل نے کہا تھاکہ کچھ لوگ میری کہانی جانتے ہیں۔ میں نے اس کے بارے میں کبھی بات نہیں کی، کبھی اس کا اشتراک نہیں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013 میں میں ممبئی انڈینس کے ساتھ تھا۔ بنگلور میں ہمارا ایک میچ تھا۔ اس کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے سے ملے۔ ایک کھلاڑی نشے میں تھا، میں اس کا نام نہیں لوں گا۔ چہل نے مزید کہاکہ وہ نشے میں تھا اور میری طرف دیکھ رہا تھا۔ اس نے مجھے بلایا۔ اس نے مجھے باہر نکالا اور بالکونی میں لٹکا دیا۔

You may also like

Leave a Comment