رام دیوکو راحت نہیں ملنی چاہیے، دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن کی سپریم کورٹ سے اپیل

نئی دہلی:دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرکے بابا رام دیو کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ بابا رام دیو کو کوئی راحت نہیں دی جانی چاہیے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ رام دیو نے ایلوپیتھی کی شبیہ کو داغدار کیا تاکہ وہ اپنی دوا کورونیل کوفروغ دے سکیں۔ دہلی میڈیکل ایسوسی ایشن نے درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے میں ان کو فریق بنایا جائے۔ بابا رام دیو نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں ایلوپیتھی ڈاکٹرز سے متعلق اپنے بیان سے متعلق مختلف ریاستوں میں درج ایف آئی آر پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام معاملات کی سماعت دہلی منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے رام دیو سے کہا تھا کہ انہوں نے ایلوپیتھی اور ڈاکٹروں کے لیے جوبھی کہا ہے وہ فائل کریں۔ اس معاملے کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔