رام مندر کا سنگ بنیادراجیو گاندھی رکھ چکے ہیں،دگ وجے سنگھ کادعویٰ

 

بھوپال:

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ نے ایودھیا میں رام مندر کے سنگ بنیاد پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے 5 اگست کو خراب مہورت کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے سنگ بنیاد ٹالنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا جاچکاہے،یہ کام راجیو گاندھی کرچکے ہیں۔بتادیں کہ اس سے پہلے کمل ناتھ نے کہا تھا کہ راجیو گاندھی نے مندر کا تالا کھولا تھا۔دگ وجے سنگھ نے کہاکہ بھگوان رام کروڑوں ہندوؤں کے عقیدے کا مرکز ہیں اور وہ ہمارے مذہب کے ہزاروں سالوں سے قائم عقائد کے ساتھ کھلواڑمت کیجئے، میں ایک بار پھر مودی جی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ 5 اگست کو ہونے والے پروگرام کو ملتوی کردیں، برسوں کی جدوجہدکے بعد بھگوان رام مندر کی تعمیر کاموقع آیا ہے۔بی جے پی کے متعدد لیڈران کے کوروناوائرس متاثرہونے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اتر پردیش کے وزیر اعلی اور ہندوستان کے وزیر اعظم کو الگ نہیں کیا جانا چاہئے؟ کیا صرف عام لوگوں کی کوارنٹین جانے کی ذمہ داری ہے؟ وزیر اعظم-وزیر اعلی کے لئے نہیں؟ کوارنٹین کی میعاد14 دن ہے۔سابق وزیراعلی سنگھ نے مزید کہاکہ اب ایک اور سوال پیدا ہوتا ہے۔ اترپردیش کے وزیر کی کورونا سے موت ہوگئی۔ اتر پردیش بی جے پی کے صدر کورونا مثبت، ہندوستان کے وزیر داخلہ کورونامثبت، مہورت میں مودی جی رام مندر کی بنیاد رکھتے ہوئے کتنے لوگوں کو اسپتال بھیجنا چاہتے ہیں؟ یوگی جی، آپ کواور مودی جی کو سمجھانا چاہئے۔ وہاں موجود رہتے ہوئے سناتن دھرم کی تمام حدود کیوں توڑی جارہی ہیں؟ اور آپ کی کیا مجبوری ہے کہ آپ یہ ہونے دے رہے ہیں؟