راج ناتھ سنگھ کی چین کے وزیر دفاع سے بات چیت،کہا:امن کی بحالی کے لئے بات چیت جاری رہنی چاہیے

نئی دہلی:ہندوستان چین سرحدی تنازعہ پر جمعہ کو روس میں ہوئی وزرائے دفاع کی ملاقات کے حوالے سے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے دفتر کی طرف سے ہفتہ کو ایک بیان جاری کیا گیا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے چین کے وزیر دفاع سے کہا ہے کہ جلد از جلد امن کی بحالی کے لئے بات چیت جاری رکھنی چاہئے۔ وزیر دفاع کے دفتر نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ وزیر دفاع نے کہا ہے کہ دونوں فریقوں کو امن کی بحالی اور ایل اے سی پر جلد از جلد کشیدگی کم کرنے کے لئے سفارتی اور فوجی توسط سے بات چیت جاری رکھنی چاہئے۔وزیر دفاع کے دفتر کی طرف سے اجلاس کے متعلق کئی ٹویٹس کئے گئے ۔اس میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کو ذمہ داری کے ساتھ حل کیا جانا چاہئے اور دونوں طرف سے کسی کو بھی ایسی کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہئے جو سرحدی علاقوں میں صورتحال کو خراب کرے یا کشیدگی کو بڑھائے۔وزیر دفاع نے مشورہ دیا ہے کہ چینی فوج جلد سے جلد پینگونگ لیک علاقے سے پیچھے ہٹ جائے ،موجودہ صورتحال کو ذمہ داری کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی فریق کو ایسا اقدام نہیں کرنا چاہئے کہ سرحد پر صورتحال مزید خراب ہو۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے معاملے کو حل کرنے کے حق میں ہیں۔ چینی وزیر دفاع نے بھی اس معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی بات کی ہے۔