حکومت کا بڑا فیصلہ: راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کا نام بدل کر ہاکی کے میجر دھیان چند کے نام پر رکھا گیا

 

نئی دہلی : ہندوستان میں کھیلوں کے میدان میں دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ اب ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے نام پر رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود ٹویٹ کر کے یہ معلومات دی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ لوگوں کے جذبات کو دیکھتے ہوئے اب یہ ایوارڈ میجر دھیان چند کے نام سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ پی ایم مودی نے کہا ہے کہ ملک کا نام روشن کرنے کے درمیان بہت سے ہم وطنوں کی یہ درخواست بھی سامنے آئی ہے کہ کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند جی کو وقف کیا جائے۔ لوگوں کے جذبات کے پیش نظر اب اسے میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کا نام دیا جا رہا ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں پی ایم مودی نے کہاکہ ہم سب اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی زبردست کوششوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ خاص طور پر ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں نے ہاکی میں جو قوت ارادی اور جوش وخروش دکھایا ہے۔ آنے والی نسلوں کے لیے متاثر کرنے والا ہے۔ یہ ایوارڈ 1991-92 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس کا نام ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے نام پر رکھا گیا۔ اس ایوارڈ کے قیام کا بنیادی مقصد کھیلوں کے میدان میں بیداری پھیلانا ہے۔ اس کے ساتھ کھلاڑیوں کو عزت دے کر ان کے وقار کو بڑھانا ہے، تاکہ انہیں معاشرے میں زیادہ عزت مل سکے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*