ای ڈی کے سینئر افسر راجیشور سنگھ جلد ہی ہوں گے بھاجپا میں شامل  

 

نئی دہلی: ای ڈی کے سینئر افسر راجیشور سنگھ کے جلد ہی بی جے پی میں شامل ہونے کی امید ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایس افسر راجیشور سنگھ بی جے پی کے اہم رہنماؤں سے مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ راجیشور سنگھ اپنی مدتِ کار میں کئی ہائی پروفائل کیسز جیسے ایئرسیل-میکسس ، 2 جی سپیکٹرم ، کوئلہ گھوٹالہ ، کامن ویلتھ گیمز گھوٹالہ اور اگستا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر گھوٹالے کی تحقیقات میں شامل رہے ہیں۔اس سلسلے میں ابھا سنگھ نے لکھا کہ ملک و ’راشٹر‘ کی خدمت کے لئے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کے لیے ای ڈی کے میرے بھائی راجیشور کو بہت بہت مبارکباد،ملک و قوم کو آپ کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ راجیشور سنگھ اس وقت لکھنؤ میں بطور جوائنٹ ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں۔ 2009 میں وہ یوپی سے ڈیپوٹیشن پر ای ڈی میں شامل ہوئے تھے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات لڑیں گے یا نہیں۔خیال رہے کہ راجیشور نے بدعنوانی کیس میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کرتی چدمبرم کیخلاف تحقیقات اور کارروائی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یوپی کے سلطان پور کے رہنے والے راجیشور سنگھ نے قانون اور انسانی حقوق کی ڈگری حاصل کی ہیں۔ سال 2018 میں راجیشور کیخلاف انکوائری کی گئی، لیکن اب تک کسی بھی عہدیدار کو ان کیخلاف کسی غلط کام کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔