راہل گاندھی مشن بہار پر،ریلیوں سے خطاب کریں گے

نئی دہلی:بہار اسمبلی انتخابات کا بگل بج چکا ہے اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ کانگریس نے انتخابات کے حوالے سے اپنے لیڈران کی ریلی بھی شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بہار میں پہلے مرحلے کے انتخابات کے لیے رائے دہندگان سے گرینڈ الائنس کے امیدوار کو ووٹ دینے کی اپیل کریں گے۔انتخابی مہم کے پہلے مرحلے کے دوران راہل گاندھی دو جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پہلی ریلی نوادہ ضلع کی ہسوااسمبلی کی نشست پرہوگی۔جس میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈرتیجسوی یادو موجود ہوسکتے ہیں۔ دوسری ریلی بھاگل پور اسمبلی سیٹ پرہوگی۔ اس کے علاوہ دوسرے اور تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم کے دوران بھی راہل گاندھی ریلی کر سکتے ہیں۔اسی وقت،وزیراعظم نریندر مودی 23 اکتوبر کو بہار کے سہسرام ، گیا اور بھاگلپور میں جلسے کریں گے ،جبکہ 28 اکتوبر کو دربھنگہ ، مظفر پور اورپٹنہ میں ، 1 نومبر کو چھپرہ ، موتیہاری اور سمستی پور میں اور 3 نومبر کوسہرسہ ، ارریہ اور بتیا میں جلسے کریں گے۔ ان تمام جلسوں میں نتیش کمار وزیر اعظم مودی کے ہمراہ اسٹیج پرموجودہوں گے۔